سپیکر پرویزالٰہی سے صادق سنجرانی کی وفد کے ہمراہ ملاقات، مونس الٰہی کے وفاقی کابینہ میں شامل ہونے پر مبارکباد ،شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی

وزیراعظم عمران خان اور پاکستان مسلم لیگ کی کاوشوں سے پنجاب ترقی کی منازل طے کر رہاہے‘ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی پنجاب اسمبلی سے بلامقابلہ سینیٹر منتخب کروا کے سیاسی عمل کو مثبت انداز میں مکمل کرنا، اعتدال رکھ کر بجٹ پاس کروانا احسن اقدام ہے‘صادق سنجرانی

ہفتہ 17 جولائی 2021 19:39

سپیکر پرویزالٰہی سے صادق سنجرانی کی وفد کے ہمراہ ملاقات، مونس الٰہی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2021ء) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ان کی رہائش گاہ پر وفد کے ہمراہ ملاقات کی اور مونس الٰہی کے وفاقی کابینہ میں شامل ہونے پر مبارکباد پیش کی اور چودھری شجاعت حسین کی خیریت بھی دریافت کی۔ ملاقات میں سینیٹر کامل علی آغا بھی شریک تھے جبکہ وفد میں سینیٹر سرفراز بگٹی، سینیٹر دلاور خان، سینیٹر عبدالقادر اور ملک فیصل شامل تھے۔

ملاقات میں بلوچستان سمیت موجودہ ملکی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے چودھری پرویزالٰہی کے پنجاب سے بلامقابلہ سینیٹر منتخب کروانے اور سیاسی عمل کو مثبت انداز میں مکمل کرنے کے عمل کو سراہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی کا پنجاب اسمبلی کو احسن انداز میں چلانا، حکومتی اور اپوزیشن نمائندوں کے درمیان اعتدال رکھ کر بجٹ پاس کروانا اور سب سے بڑھ کر پنجاب اسمبلی میں سب کو ساتھ لے کر قانون سازی کا عمل خوش اسلوبی سے مکمل کرنا قابل ستائش ہے، اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر ترقی کا سفر جاری ہے۔

سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے چیئرمین سینیٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور پاکستان مسلم لیگ کی مشترکہ کاوشوں سے پنجاب ترقی کی منازل طے کر رہا ہے، عوام کی ترقی کا سفر جاری رہنا چاہئے، عوام کو بنیادی حقوق کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومتوں نے ہمارے ترقیاتی فلاحی منصوبوں کو روک کر عوام کو بنیادی سہولیات سے محروم رکھا تھا۔