محمود ساغر اورالطاف وانی کی طرف سے امت مسلمہ کو عید الاضحی کی مبارک باد

مخیر حضرات اور امداد ی ادارے بھارتی ریاستی جبر کے شکار افراد کی مدد کیلئے فراخدلی کا مظاہر ہ کریں،بیان

منگل 20 جولائی 2021 16:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2021ء) جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے قائم مقام چیئرمین محمود احمدساغر نے عیدالاضحی کے پرمسرت موقع پرامت مسلمہ خصوصاً غیرقانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموںوکشمیر کے مسلمانوںکو مبارک باد پیش کی ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمود احمد ساغر نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کشمیریوں سے عید سادگی اور حقیقی اسلامی اقدار کے مطابق منانے کی اپیل کی ۔

انہوں نے کہاکہ عید جیسے مذہبی تہوارہمیں غریب اور نادار افرادخصوصا بھارتی ظلم وتشدد سے متاثرہ کشمیریوںکواپنی خوشیوں میںشامل کرنے کا منفرد موقع فراہم کرتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ بھارت کی ظالمانہ پالیسیوں سے متاثرہ کشمیری جن کا روزگار چھن گیا ہے یا املاک تباہ ہو گئی ہیں کو ہماری مدد کی اشد ضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

محمود احمد ساغر نے مخیر حضرات اور امداد ی اداروں سے اپیل کی کہ وہ بھارتی ریاستی جبر کے شکار افراد کی مدد کیلئے فراخدلی کا مظاہر ہ کریںاورکشمیری شہداء کے اہلخانہ ، یتیموں اور بیوائوںاور غیر قانونی طورپر نظربند سیاسی رہنمائوں کے اہلخانہ کو بھی عید کی خوشیوں میں شامل کریں۔

ادھر جموںوکشمیر نیشنل افرنٹ کے سینئر وائس چیئرمین الطاف حسین وانی نے بھی اپنے عید پیغام امت مسلمہ کو عید کی مبارک باد پیش کی ہے اور کشمیریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ عید سادگی سے منائیں اور غریب اور نادار افراد کا عید کی خوشیوں میں شامل کریں۔ مقبوضہ جموںوکشمیرمیں بھارتی ریاستی دہشت گردی سے متاثرہ کشمیریوںکا حوالہ دیتے ہوئے انہوںنے کہاکہ کشمیری شہداء اور جیلوںمیں نظربند حریت رہنمائوں کے اہلخانہ اور یتیموں اور بیوائوں کومشکل کی اس گھڑی میں ہماری مدد کی اشد ضرورت ہے ۔

جموںوکشمیر پیپلز لیگ کے وائس چیئرمین سید اعجاز رحمانی نے ایک بیان میں مقبوضہ جموںوکشمیر کے عوام سے عید سادگی سے منانے کی اپیل کی ہے ۔ انہوںنے کشمیری عوام سے کہاکہ وہ عید کے پر مسرت موقع پر شہداء ، نظربند کشمیریوں کے اہلخانہ ، بیوائوں ، یتیموں اور ضرورت مند افراد کو یاد رکھیں اور انہیںعید کی خوشیوں میں شامل کریں۔