سعودیہ میں آج کئی مقامات پر طوفانی بارش ہو گی

جازان، نجران، عسیر اور باحہ کے کئی نشیبی علاقوں میں طغیانی آ سکتی ہے، وارننگ جاری ہو گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 23 جولائی 2021 11:50

سعودیہ میں آج کئی مقامات پر طوفانی بارش ہو گی
 ریاض (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔23جولائی2021ء ) سعودی عرب میں اس بار شدید گرمی پڑ رہی ہے۔ اگرچہ بارشیں بھی ہو رہی ہیں، تاہم گرمی کی شدت برقرار رہے۔ کئی مقامات پردرجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ سے زائد ہے، جس کی وجہ سے لوگوں کا دوپہر کے وقت باہر نکلنا محال ہو گیا ہے۔ عید الاضحی کے پہلے تین ایام میں بھی اچھی خاصی گرمی پڑی ہے۔ تاہم سعودی محکمہ موسمیات نے آج اور اگلے چند روز کے دوران بارش کی خوش خبری دے دی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج مملکت کے بیشتر علاقوں میں مطلع ابر آلود رہے گا ۔ دوپہر کے بعد اکثر مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی۔ نجران، جازان، عسیر اور باحہ میں بارشوں سے قبل تیز ہوائیں بھی چلیں گی۔ جس کے بعد موسلادھار بارش ہوگی۔ محکمہ شہری دفاع نے وارننگ جاری کی ہے کہ بارش کی وجہ سے کئی نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہوسکتا ہے، اس لیے ان علاقوں میں بلاضرورت جانے سے گریز کیا جائے ۔

(جاری ہے)

خصوصاً سیر و تفریح کے لیے اس خراب موسم میں جانے سے باز رہیں کیونکہ کئی وادیوں میں لینڈ سلائیڈنگ ہو رہی ہے اور کئی مقامات پرکئی فٹ گہرا پانی بھی کھڑا ہوچکا ہے۔ موسم سے متعلق ہدایات اور وارننگز پر پوری طرح عمل کیا جائے۔آج ریاض کے کئی علاقوں میں گرد آلود ہوائیں بھی چلیں گی جس سے حدِ نگاہ متاثر ہو گی۔ آج سب سے زیادہ گرمی حفر الباطن میں ہو گی جہاں کا درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ جائے گا، اس کے علاوہ الاحسا میں 46، ریاض میں 45، دمام میں 44ڈگری سینٹی گریڈ تک گرمی پڑے گی جبکہ سب سے کم درجہ حرارت السودة کا18 سینٹی گریڈ ہوگا۔

واضح رہے کہ سعودیہ کے مشہور ماہر موسمیات ڈاکٹر خالد الزعاق نے چند روز قبل لوگوں کو خبردار کیا ہے کہ اگلے دو ماہ کے دوران مقامی اور تارکین افراد دوپہر کے وقت لمبے سفر سے گریز کریں۔انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ اگلے 60 روز کے دوران صحرائی علاقوں میں ناقابل برداشت گرمی ہو گی، جس سے انسانی صحت اور زندگی کو سنگین خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ان دو ماہ کے دوران صحرائی علاقوں اور ان سے گزرنے والی شاہراہوں پر گرد و غبار کے جھکڑ بھی چلیں گی۔ خصوصاً سعودیہ کے علاقے جازان اور جنوب مغربی علاقوں میں دوپہر کے وقت قیامت کی گرمی ہو گی۔ جن افراد کو کہیں دُور کا سفر کرنا ہے، وہ صبح سویرے گھر سے نکلیں یا پھر شام کے وقت نکلنا مناسب رہے گا ورنہ مشکل میں گھر سکتے ہیں۔