لطیف آباد میں ٹرانسفارمر پھٹنے کے واقعہ میں 20 افراد کے جاں بحق ہونے پر حیدرآباد میں سوگ کا ماحول رہا

شہداء اور متاثرین کے خاندانوں اور علاقے کے لوگوں نے حیسکو کے خلاف آٹوبھان روڈ پر دھرنا دیا شہداء کے قتل کی ایف آئی آر حیسکو کے اعلیٰ حکام کے خلاف ان کے لواحقین کی مدعیت میں درج کی جائے، مظاہرین

ہفتہ 24 جولائی 2021 21:54

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2021ء) لطیف آباد نمبر 8 میں ٹرانسفارمر پھٹنے کے واقعہ میں 20 افراد کے جاں بحق اور زخمی ہونے کے اندوہناک واقعہ پر حیدرآباد میں ہفتے کے روز بھی سوگ کا ماحول رہا، شہداء اور متاثرین کے خاندانوں اور علاقے کے لوگوں نے حیسکو کے خلاف آٹوبھان روڈ پر دھرنا دیا اور مطالبہ کیا کہ شہداء کے قتل کی ایف آئی آر حیسکو کے اعلیٰ حکام کے خلاف ان کے لواحقین کی مدعیت میں درج کی جائے۔

حیدرآباد میں ہفتے کے روز بھی لطیف آباد میں خصوصاً اور سٹی اور قاسم آباد میں بھی بجلی کا شدید بحران رہا، گرمی اور حبس کی وجہ سے لاکھوں شہری سخت اذیت میں رہے، لطیف آباد نمبر 8 ڈگری گرلز کالج کے قریب نصب ٹرانسفارمر سے تیل رسنے کی شکایات پر حیسکو کی طرف سے فوری کوئی قدم نہ اٹھانے کے خلاف علاقے کے مکینوں نے کئی گھنٹے تک لطیف آباد نمبر 8 کلاتھ مارکیٹ روڈ پر رات گئے تک کئی گھنٹے دھرنا دیا، اسی طرح ہزارہ کالونی میں بھی ٹرانسفارمر پھٹنے اور آگ بھڑک اٹھنے سے جاوید راجپوت نامی شخص شدید زخمی ہو گیا تھا جس کی ٹانگیں جھلس گئی ہیں اور وہ زیرعلاج ہے، اس پر بھی علاقے کے لوگوں نے احتجاج کیا۔

(جاری ہے)

اکبری مسجد کے قریب ٹرانسفارمر پھٹنے کے نتیجے میں 20 شدید زخمی افراد میں سے 7 کے جاںبحق ہونے پر ہفتے کے روز بھی علاقے میں شدید غم و غصہ کا ماحول رہا، متاثرہ خاندانوں میں عید کے ایام میں کہرام مچا رہا، ہفتے کو علاقے کے لوگوں کی بڑی تعداد نے آٹو بھان روڈ بلاک کرکے دھرنا دیا اور حیسکو حکام اور حیدرآباد کے منتخب نمائندوں کے خلاف نعرے بازی کی اور مطالبہ کیا کہ حیسکو کے حکام کی ایماء پر پولیس نے اعلیٰ افسران کو بچانے کے لئے جو فرضی ایف آئی آر درج کی ہے اسے منسوخ کیا جائے اور شہداء اور زخمیوں کے خاندانوں کی مدعیت میں حیسکو کے اعلیٰ حکام، سول ہسپتال کی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ لوگوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے انہیں فوری گرفتار کیا جائے، اس سے پہلے مشتعل افراد نے رضوی سب ڈویژن حیسکو کے دفتر پر پتھرائو کیا اور آگ لگا دی ، حیسکو کا عملہ دفتر چھوڑ کر بھاگ گیا، تاہم پولیس نے صورتحال پر قابو پا لیا اور قریب ہی واقع فائربرگیڈ کی گاڑی پہنچ گئی اور اس نے لگنے والی آگ بجھا دی۔

ہفتے کے روز حیدرآباد میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ اور بریک ڈائون کے سبب بجلی کا شدید بحران رہا، رات گئے لطیف آباد اور سٹی میں خصوصاً کئی علاقے میں تاریکی میں ڈوبے ہوئے تھے۔