Live Updates

مریم صفدر مودی کے یاروں کی شکست واضح ہوگئی آپ نے کھسیانی بلی بن کر کھمبا نوچنا شروع کردیاہے، فر خ حبیب

کشمیر کی عوام نے آر ایس ایس کی انتہا پسندانہ سوچ کیخلاف بات نہ کرنے والی ن لیگ کو فل سٹاپ لگادیا ہے، وزیرمملکت

اتوار 25 جولائی 2021 23:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جولائی2021ء) وزیر مملکت برائے اطلاعات ونشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ مریم صفدر مودی کے یاروں کی شکست واضح ہوگئی آپ نے کھسیانی بلی بن کر کھمبا نوچنا شروع کردیاہے۔اپنے بیان میں فرخ حبیب نے کہاکہ کشمیر کی عوام نے آر ایس ایس کی انتہا پسندانہ سوچ کیخلاف بات نہ کرنے والی ن لیگ کو فل سٹاپ لگادیا ہے۔

انہوںنے کہاکہ کشمیر کی عوام نے اپنے سچے سفیر اور دلیر وکیل کے حق میں فیصلہ سنا دیا ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر میں مسلم لیگ (ن)کی حکومت تھی، (ن)لیگ نے اپنے دور حکومت میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر نہیں کیا، مریم نواز انتخابی مہم کے دوران خود کو کشمیری ہونے کا دعویٰ کرکے کشمیری عوام کو دھوکہ دینے کی کوشش کر رہی ہیں، اس کے علاوہ مریم نواز نے آزاد جموں و کشمیر میں انتخابی مہم کے دوران بھی ہندوستانی حکومت اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف ایک لفظ تک نہیں بولا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کشمیر کے سچے سفیر ہیں، وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ، او آئی سی، یورپین یونین سمیت ہر بین الاقوامی فورم پر مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اجاگر کرتے ہوئے مقبوضہ جموں و کشمیر بھارتی قابض افواج کی بربریت اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بے نقاب کیا۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے اور کشمیری عوام انتخابات کے دوران پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن)کو مسترد کر دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن)نے ماضی میں آزاد جموں و کشمیر میں حکومتیں کی ہیں لیکن ان دونوں جماعتوں کی قیادت نے کشمیری عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لئے آزاد کشمیر میں ترقیاتی منصوبوں اور فلاحی پروگراموں کا آغاز نہیں کیا۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات