بابراعظم کا کپتانی کے دبائو کے باوجود عمدہ کھیل پیش کرنا قابل تعریف: اینڈی فلاور

قیادت کے اضافی دباؤ نے بطور انسان بابر پر اچھا اثر ڈالا : کوچ ملتان سلطانز

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 27 جولائی 2021 17:46

بابراعظم کا کپتانی کے دبائو کے باوجود عمدہ کھیل پیش کرنا قابل تعریف: ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 27 جولائی 2021ء ) ملتان سلطانز کے کوچ اینڈی فلاور نے بابراعظم کو کپتانی ملنے کے بعد قیادت کرنے کے طریقہ کار کے بارے میں بھی بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ میں بابراعظم کی کپتانی کے بارے میں کچھ زیادہ نہیں جانتا ہوں لیکن مجھے لگتا ہے کہ اسے اپنے کھلاڑیوں کی حمایت حاصل ہے جو بہت ضروری ہے ،وہ ایک اچھا جوان لڑکا ہے اور میں جانتا ہوں کہ کوچنگ کے دوران میرے بھائی گرانٹ فلاور کے ساتھ اس کے واقعی اچھے تعلقات تھے،قیادت کے اضافی دباؤ نے بطور انسان بابراعظم پر اچھا اثر ڈالا۔

انہوں نے کہا کہ بابراعظم کا کپتانی کی اضافی ذمہ داری کے ساتھ عمدہ کھیل پیش کرنا ان کی شخصیت کی عکاسی کرتا ہے، اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ وہ اپنے خیالات اور اپنے جذبات پر قابو پا سکتا ہے اور پھر بھی بلے کے ساتھ شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرسکتا ہے اور حریف ٹیم کو دبائو میں لاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 میں شاندار کارکردگی کے بعد ملتان سلطانز کے ہیڈ کوچ اینڈی فلاور نے فاسٹ بولر شاہنواز دہانی کی تعریف کی ہے۔

شاہنواز دہانی نے پی ایس ایل 6 میں سب سے زیادہ 20 وکٹیں حاصل کرکے ملتان سلطانز کو پی ایس ایل چیمپئن بنوانے میں اہم کردار ادا کیا ۔ 53 سالہ اینڈی فلاور کا کہنا تھا کہ پہلا بڑا ٹورنامنٹ ہونے باوجود دھانی کا رویہ بہترین تھا ۔ ان کا کہنا تھا کہ شاہنواز دھانی اپنے چہرے پر وسیع مسکراہٹ کے ساتھ کھیلا لیکن جب ضرورت پڑی تو سنجیدگی کا مظاہرہ کیا ،میرے خیال میں دوسرے کرکٹرز بھی میدان میں اس کا رویہ دیکھ کر لطف اندوز ہوئے اور مجھے لگتا ہے کہ اس نے ان لوگوں کو متاثر کیا جو انہیں ٹی وی پر پاکستان اور دنیا بھر میں دیکھ رہے تھے۔

اینڈی فلاور کا کہنا تھا کہ شاہنواز دھانی کا دل بھی سونے کا ہے اور وہ اپنی ٹیم اور ساتھیوں کیلئے نیک خواہشات رکھتا ہے، وہ آس پاس کے لوگوں کا بھی بہت احترام کرتا ہے ،وہ بعض اوقات احمق لگتا ہے لیکن وہ بیوقوف نہیں ہے کیونکہ اسے علم ہے کہ اس کے آس پاس کیا ہو رہا ہے ،وہ ہر طرح سے ہمارے سکواڈ کا انمول رکن ہے۔ اینڈی فلاور نے محمد رضوان کی کپتانی کی بھی تعریف کی جو اپنے پہلے 5 میں سے 4 میں شکست کھا گئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ محمد رضوان نے بطور کپتان فرنٹ سے قیادت کی ، ہمارے مایوس کن آغاز کے بعد انہوں نے سخت فیصلے لینے سے گریز نہیں کیا، میں نے سوچا کہ انہوں نے حیرت انگیز کام کیا ہے۔