کورونا کا تشویشناک حد تک پھیلاؤ، کراچی کے اسپتالوں میں گنجائش ختم ہو گئی

لیبارٹری تجزیہ میں 100فیصد خطرناک ڈیلٹا ویرینٹ کے کیسز سامنے آنے لگے، اسپتالوں میں مزید مریضوں کے داخلے کی گنجائش ختم ، جان بچانے والے آپریشنز ‏کے سوا باقی تمام روز مرہ کے آپریشنز بھی روک دیے گئے ہیں، ذرائع

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری منگل 27 جولائی 2021 20:07

کورونا کا تشویشناک حد تک پھیلاؤ، کراچی کے اسپتالوں میں گنجائش ختم ..
کراچی (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 27جولائی 2021) کراچی میں کورونا کے پھیلاؤ کی تشویشناک صورتحال، لیبارٹری تجزیہ میں 100فیصد خطرناک ڈیلٹا ویرینٹ کے کیسز سامنے آنے لگے، اسپتالوں میں مزید مریضوں کے داخلے کی گنجائش ختم ہو گئی۔ پیما ہاؤس کراچی سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ کورونا کے جو ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں ان ‏کے لیبارٹری تجزیہ میں قریباً سو فیصد ڈیلٹا ویرینٹ سامنے آرہا ہے جو کہ بہت تیزی سے اور کم ‏وقت میں پھیلنے والا ہے اور پورے پورے گھرانوں کو اپنی لپیٹ میں لے رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے اسپتالوں میں کورونا یونٹس اپنی استعداد قریباً پوری کر چکے ہیں ‏اوراسپتالوں میں مزید مریضوں کے داخلے کی گنجائش ختم ہو چکی ہے جان بچانے والے آپریشنز ‏کے سوا باقی تمام روز مرہ کے آپریشنز بھی روک دیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عبد اللہ متقی نے کہا کہ کورونا وائرس کہ چوتھی لہر کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر ڈاکٹرز ‏اور ان کی فیملیز بھی اس سے متاثر ہو رہی ہیں، اس تشویشناک صورتحال میں کورونا کی ویکسین ‏ایک واحد امید کی کرن ہے، اس کے ساتھ ساتھ ماسک کا استعمال کورونا وائرس سے محفوظ رکھ ‏سکتا ہے، انہوں نے شہریوں سے درخواست کی کہ وہ بار بار ہاتھ دھوئیں ، سماجی فاصلہ اختیار ‏کریں ، بلا ضرورت گھر سے نکلنے اور اجتماعات میں جانے سے گریز کریں۔

واضح رہے کہ رواں ماہ جولائی میں پاکستان میں عالمی وبا کورونا سے ہلاکتوں کا تناسب پوری دنیا سے زیادہ رہا۔وفاقی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق جولائی کے دوران دنیا بھر میں کورونا سے اموات کی شرح 2.15 سے 2.17 جبکہ پاکستان میں 2.30 سے 2.37 فیصد کے درمیان ریکارڈ کی گئی۔پاکستان میں کورونا کی چوتھی لہر زیادہ خطرناک قرار دی گئی ہے جس دوران لوگ تیزی سے وائرس کا شکار ہو رہے ہیں اور اسپتالوں میں گنجائش ختم ہوتی جا رہی ہے۔

ماہرین صحت نے خبردا رکیا ہے کہ اگر عوام نے ویکسین لگانے اور ایس او پیز عمل کرنے میں غفلت دکھائی تو یہ شرح مزید بڑھے گی۔ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے 39 افراد جاں بحق ہوگئے۔ جس کے بعد اموات کی تعداد 23 ہزار 87 ہوگئی۔پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 10 لاکھ 11 ہزار 708 ہوگئی۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 6.6 فیصد رہی۔

ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 57 لاکھ 66 ہزار 473 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 49 ہزار 412 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 9 لاکھ 28 ہزار 722 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 2 ہزار 722 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 262 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 3 لاکھ 53 ہزار 695، سندھ میں 3 لاکھ 69 ہزار 245، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 42 ہزار 139، بلوچستان میں 29 ہزار 681، گلگت بلتستان میں 7 ہزار 798، اسلام آباد میں 85 ہزار 947 جبکہ آزاد کشمیر میں 23 ہزار 203 کیسز رپورٹ ہوئے۔