گورنر پنجاب چوہدری سرور کا ملکی معاشی صورتحال سے متعلق بڑا دعوی

پورے پاکستان میں ترقیاتی منصوبے شروع ،سیاسی مخالفین کے سوا ملک کا ہر شہری ملکی معاشی ترقی اور استحکام کا اعتراف کر رہا ہے، گورنر پنجاب چوہدری سرور

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری بدھ 28 جولائی 2021 18:38

گورنر پنجاب چوہدری سرور کا ملکی معاشی صورتحال سے متعلق بڑا دعوی
(اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 28جولائی 2021) پورے پاکستان میں ترقیاتی منصوبے شروع ،سیاسی مخالفین کے سوا ملک کا ہر شہری ملکی معاشی ترقی اور استحکام کا اعتراف کر رہا ہے، وزیراعظم عمران خان نے عوام کو صحت اورمعیاری تعلیم سمیت زندگی کی تمام بنیادی سہولتیں فراہم کر دیں، گورنر پنجاب چوہدری سرور کا دعویٰ۔ تفصیلات کے مطابق گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ اپوزیشن احتجاج کی دھمکیوں سے وزیر اعظم عمران خان کو دبا ئو میں نہیں لاسکتی ،تحر یک انصاف سیاسی مخالفین کا ہر محاذ پر بھر پور مقابلہ کر ے گی ،اپوزیشن اگر انتخابی عمل کو شفاف بنانے میں سنجیدہ ہے تو وہ حکومت کی دعوت پر انتخابی اصلاحات پر بات کیوں نہیں کرتی ،ہم ایسا شفاف انتخابی عمل چاہتے ہیں جس پر ہارنے والا بھی انگلی نہ اٹھاسکے ،سیاسی مخالفین کے سوا ہر کوئی ملکی معاشی ترقی اور استحکام کا اعتراف کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ہمیشہ ملک و قوم کے مفاد میں سخت فیصلے کرتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ آج پورے پاکستان میں یکساں ترقی کے منصوبے شروع ہیں اور ہر شعبے میں پاکستان پہلے سے زیادہ مضبوط اور مستحکم ہو رہا ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو صحت اورتعلیم سمیت تمام بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے ۔

گور نر پنجاب چوہدری سرور نے کہا کہ اپوزیشن کی حکومت کے خلاف تحر یک چلانے کی دھمکیوں سے ہم خوفزدہ ہونیوالے نہیں اپوزیشن کو چاہیے کہ وہ میں نہ مانوں کی سیاست کر نے کی بجائے آزاد کشمیر کے انتخابی نتائج کو تسلیم کر لے کیونکہ عوام نے اپوزیشن نہیں پاکستان تحر یک انصاف کے حق میں فیصلہ دیا ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ اگر اپوزیشن یہ سمجھتی ہے کہ وہ وفاقی درالحکومت میں احتجاج یا دھر نے کی دھمکیوں سے حکومت کو خوفزدہ کرلے گی تو ایسا کسی صورت نہیں ہوگا ۔

گورنر نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے بارے میں سب جانتے ہیں کہ عمران خان پہلے کبھی کسی دبائو میں آئے ہیں اور نہ ہی آئندہ آئیں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ عوام نے تحر یک انصاف کو پانچ سال حکومت کر نے کا مینڈ یٹ دیا ہے اس لیے عام انتخابات اپنے مقررہ وقت پر 2023میں ہی ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کا حکومتی فیصلہ انتخابات کو صاف اور شفاف بنانا ہے مگر اپوزیشن اس معاملے پر بھی ضد اور انا کی سیاست کر رہی ہے ۔

اُنہوں نے کہا کہ ا لیکٹرانک ووٹنگ کی مخالفت کر کے اپوزیشن دھاندلی کی حمایت کرے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ اپوزیشن شفاف انتخابی عمل چاہتی ہے تو انتخابی اصلاحات پر بات کر ے ہم چاہتے ہیں کہ آئندہ عام انتخابات کی شفافیت پر کوئی بھی انگلی نہ اٹھاسکے اس لیے اپوزیشن کو بھی اپنا رویہ اور پالیسی تبدیل کرکے انتخابی عمل کو شفاف بنانے میں حکومت کا ساتھ دینا چاہیے۔