بھارتی دباؤ مسترد، غیر ملکی کھلاڑیوں کا کشمیر پریمیئر لیگ میں شرکت کا فیصلہ

ہرشل گبز اور تلکارتنے دلشان کے پی ایل میں حصہ لینے کے لیے منگل کو پاکستان پہنچیں گے: چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار خان آفریدی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 2 اگست 2021 15:00

بھارتی دباؤ مسترد، غیر ملکی کھلاڑیوں کا کشمیر پریمیئر لیگ میں شرکت ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 2 اگست 2021ء ) بھارت کو سفارتی محاذ پر ایک اور ناکامی کا سامنا کرنا پڑ گیا ،بین الاقوامی کھلاڑیوں نے کشمیر پریمیئر لیگ میں شرکت کرنے کا اعلان کردیا۔ چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار خان آفریدی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بھارت کو کشمیر پریمئیر لیگ (کے پی ایل) پر واضح جواب دے دیا ہے جو سفارتی محاذ پر بھارت کی ایک اور ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی سازشوں کے باوجود کشمیر پریمئیر لیگ اپنے شیڈول کے مطابق کھیلی جائے گی ، کے پی ایل کشمیری نوجوانوں کو عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا موقع فراہم کرے گی۔ شہریار خان آفریدی نے کہا کہ غیر ملکی کھلاڑی ہرشل گبز اور تلکارتنے دلشان کے پی ایل میں حصہ لینے کے لیے منگل کے روز پاکستان پہنچیں گے، دونوں کھلاڑیوں، ان کے کرکٹ بورڈز اور حکومتوں کو کرکٹ کو سپورٹ کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امید ہے پاکستان کرکٹ بورڈ بھی جلد ہی فخر زمان، شاداب خان، عثمان قادر، امام الحق اور محمد حسنین کو کشمیر پریمئیر لیگ کھیلنے کے لیے این او سی جاری کر دے گی۔ چیئرمین کشمیر کمیٹی نے کہا کہ بھارتی حکومت سے درخواست ہے کہ وہ کرکٹ کو سیاست سے الگ رکھے ،کھیل عوام کو جوڑتے ہیں جبکہ نفرتیں لوگوں کو توڑتی ہیں، کرکٹ جینٹلمین گیم ہے ، بھارتی حکومت اور بی سی سی آئی اسے اپنی گندی سیاست سے آلودہ نہ کریں۔