سعودیہ میں غیر قانونی تارکین کو ٹرانسپورٹ کی سہولت مہیا کرنے والے 4 افراد گرفتار

ایک ملزم اپنے ٹرک پر غیر قانونی تارکین کو چھپا کر مکہ مکرمہ لے آیا تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 3 اگست 2021 10:59

سعودیہ میں غیر قانونی تارکین کو ٹرانسپورٹ کی سہولت مہیا کرنے والے 4 ..
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔3 اگست 2021ء) سعودی عرب غیر ملکی افراد کے لیے روزگار کی فراہمی کے حوالے سے بہترین مقام ہے۔ اسی وجہ سے یہاں پر دُنیا بھر سے روزگار کے لیے آ کر کام کرنے والوں کی گنتی 80 لاکھ کے لگ بھگ ہے۔ ہر سال اس تعداد میں اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے۔ تاہم مملکت میں لاکھوں افراد ایسے ہیں جو ویزہ ایکسپائر ہونے اور اپنے کفیل سے بھاگنے کے بعد مملکت میں ہی روپوش ہو جاتے ہیں اور غیر قانونی طور پر روزگار کمانے کا سلسلہ جاری رکھتے ہیں۔

سعودیہ میں ان غیر قانونی افراد کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔ حالیہ کارروائیوں کے دوران مکہ پولیس نے غیر قانونی تارکین کو ٹرانسپورٹ کی سہولت مہیا کرنے کے الزام میں چار افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس ترجمان کے مطابق گرفتار افراد کا تعلق سوڈان سے ہے اور عمریں 25سے 40 سال کے درمیان ہیں۔

(جاری ہے)

ایک سوڈانی ملزم اپنے ٹرک میں ہم وطن غیر قانونی تارکین کو چھپا کر مکہ مکرمہ لایا تھا۔

اس کے علاوہ بھی کئی افراد کو قانونِ محنت کی خلاف ورزی اور سرحدی امن اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والے پر بھی کچھ تارکین وطن کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق چاروں گرفتار شدگان کو پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا ہے۔واضح رہے کہ سعودیہ میں گزشتہ کئی سالوں کے دوران مملکت میں لاکھوں افراد غیر قانونی طور پر مقیم ہو گئے تھے، جن کے خلاف بھرپور کریک ڈاوٴن شروع کیا گیا۔

مملکت میں غیر قانونی تارکین کے خلاف جاری 15 نومبر 2017ء سے 20 جون تک جاری کریک ڈاوٴن کے نتیجے میں اب تک 58 لاکھ سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔سعودی وزارت داخلہ نے تمام مقامی اور غیر ملکیوں کو خبردار کر دیا ہے کہ کوئی بھی شخص غیر قانونی مقیمین کو ملازمت نہ دے، نہ انہیں ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرے۔ انہیں اپنے پاس ٹھہرانے والے یا ان کی کسی بھی قسم کی مدد کرنے والے کے خلاف بھی سخت کارروائی ہو گی۔

اگر اقامہ اور لیبر قوانین کی خلاف ورزی میں ملوث کسی غیر ملکی کا پتا چلے تو سعودی پولیس کو اطلاع دینا لازمی ہو گا۔ جو افراد غیر قانونی مقیمین کے ساتھ کسی بھی قسم کا تعاون کریں گے، انہیں گرفتار کر کے سخت سزا دی جائے گی۔ وزارت کے مطابق اس جْرم میں ملوث افراد کو 15 سال تک قید کی سزا ہو سکتی ہے ، اس کے علاوہ ایک لاکھ ریال کا جرمانہ بھی ہوگا۔وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ مملکت بھر میں کسی بھی مقام پر غیر قانونی تارکین آباد ہوں تو ان کی خبر 911 پر کال کر کے دی جا سکتی ہے۔