کشمیر پریمیئر لیگ کی پروڈکشن پی ایس ایل طرز پر کرنے کی تیاریاں جاری

سٹیڈیم میں 2500 ایل ای ڈی فلکس لگائی جائینگی، پروڈکشن میں 22 ہائی ڈیفی نیشن کیمروں کا استعمال ہوگا، کوریج میں ڈرون کیمرے کا بھی استعمال کیا جائے گا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 5 اگست 2021 15:15

کشمیر پریمیئر لیگ کی پروڈکشن پی ایس ایل طرز پر کرنے کی تیاریاں جاری
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 5 اگست 2021ء ) کشمیر پریمیئر لیگ (کے پی ایل ) کی پروڈکشن پاکستان سپر لیگ کی طرز پر کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق پاکستان میں پہلی بار کرکٹ سٹیڈیم میں 2500 ایل ای ڈی فلکس لگائی جائے گی، اس سے قبل ایل ای ڈی فلکس ٹیکنالوجی صرف انگلینڈ میں کرکٹ میچوں کیلئےاستعمال ہوئی ہے۔ ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ مظفرآباد سٹیڈیم میں ٹورنامنٹ کے لیے 5 پچز کی تیاری مکمل کرلی گئی ہے جب کہ پروڈکشن میں 22 ہائی ڈیفی نیشن کیمروں کا استعمال کیا جائےگا۔

کے پی ایل کی کوریج میں ڈرون کیمرے کا بھی استعمال کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز سے کشمیر پریمیئر لیگ (کے پی ایل) کے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت کا آغاز کردیا گیا ہے ۔ کے پی ایل انتظامیہ کے مطابق کشمیر پریمیئر لیگ کے میچز کے ٹکٹ 4 مختلف قیمتوں میں فروخت کیے جارہے ہیں، ٹکٹوں کی فروخت 750، 1500، 2000 اور 2500 روپے میں جاری ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ مظفرآباد میں ایونٹ کا آغاز 6 اگست سے ہوگا جب کہ فائنل 17 اگست کو کھیلا جائے گا۔

تمام میچز مظفر آباد کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ کشمیر پریمیئر لیگ کے اولین ایڈیشن کے 19میں سے 12 میچز ڈے اینڈ نائٹ ہوں گے۔