شاہین آفریدی کی ٹیسٹ ٹیم سے چھٹی، سابق انگلش بولر بھی حیران

شاہین گزشتہ تقریباً 18 ماہ کے دوران مشکلات کا شکار رہے ہیں تاہم انکا معیار اب بھی اعلیٰ ہے اور ٹیسٹ کرکٹ میں وکٹیں حاصل کرنیکی صلاحیت رکھتے ہیں : ڈیرن گف

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 24 اگست 2026 11:24

شاہین آفریدی کی ٹیسٹ ٹیم سے چھٹی، سابق انگلش بولر بھی حیران
لندن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 24 اگست 2026ء ) انگلینڈ کے سابق فاسٹ بولر ڈیرن گف نے پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی کو انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے سکواڈ سے باہر رکھنے کے فیصلے پر حیرت کا اظہار کیا ہے۔ 
ہیڈنگلے ٹیسٹ کے دوران 55 سالہ ڈیرن گف نے کہا کہ مجھے یہ سمجھ نہیں آرہی کہ انگلینڈ کی کنڈیشنز اور پاکستان کے نسبتاً ناتجربہ کار بولنگ اٹیک کے باوجود شاہین آفریدی کو ٹیم میں شامل کیوں نہیں کیا گیا۔

 
ڈیرن گف نے تسلیم کیا کہ شاہین گزشتہ تقریباً 18 ماہ کے دوران مشکلات کا شکار رہے ہیں، تاہم وہ ان کا معیار اب بھی اعلیٰ ہے اور ٹیسٹ کرکٹ میں وکٹیں حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ 
انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کی بولنگ بھی مشکلات سے دوچار رہی۔

(جاری ہے)

پاکستان نے پہلی اننگز میں 171 رنز بنائے جس کے جواب میں انگلینڈ نے 409 رنز سکور کرکے 238 رنز کی برتری حاصل کی۔

 
 دوسری اننگز میں پاکستان صرف 135 رنز پر آل آؤٹ ہوگیا اور انگلینڈ نے میچ اننگز اور 103 رنز سے جیت لیا۔ 
پاکستان کی جانب سے علی عثمان نے 5 جبکہ خرم شہزاد نے 3 وکٹیں حاصل کیں، تاہم انگلش بیٹرز کو قابو کرنے میں بولنگ اٹیک ناکام رہا۔ 
شاہین آفریدی حالیہ عرصے میں وائٹ بال کرکٹ میں پاکستان کے اہم کھلاڑی رہے ہیں۔ 
نیشنل چیمپئنز کپ کے فائنل میں انہوں نے ہیٹ ٹرک سمیت 7 وکٹیں حاصل کی تھیں ۔ 
دوسری طرف پورے ٹورنامنٹ میں 4 میچز میں 13 وکٹیں لے کر سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بولر رہے۔