عمر اکمل قومی ٹیم میں جلد از جلد واپسی کیلئے پرامید

پی سی بی کی جانب سے حمایت ملنے اور اعتماد کیے جانے پر اس کا شکر گزار ہوں: ٹیسٹ کرکٹر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 5 اگست 2021 15:41

عمر اکمل قومی ٹیم میں جلد از جلد واپسی کیلئے پرامید
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 5 اگست 2021ء ) قومی کرکٹر عمر اکمل نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور مداحوں کا مسابقتی کرکٹ میں واپسی کے لیے تعاون کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ پی سی بی کی جانب سے کلب کرکٹ میں واپسی کے اعلان کے بعد 31 سالہ عمر اکمل نے کہا کہ وہ اپنی فارم کی جلد از جلد بحالی کو یقینی بنانے کی کوشش کریں گے۔

(جاری ہے)

عمر اکمل نےاپنے ٹویٹر پیغام میں لکھا کہ ’’ میں پی سی بی کی جانب سے حمایت ملنے اور اعتماد کیے جانے پر اس کا شکر گزار ہوں، کرکٹ میرا جنون ہے اور میں اپنی فارم کی جلد از جلد بحالی یقینی بنانے کے لیے سخت محنت کروں گا ،مجھے امید ہے کہ مستقبل قریب میں پاکستانی ٹیم میں بھی واپس آؤں گا‘‘۔

عمر اکمل اس وقت پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 5 سے قبل فکسنگ اپروچ کی رپورٹ دینے میں ناکامی کی وجہ سے ان پر عائد سزا کی تکمیل کے بعد پی سی بی کی بحالی کے عمل میں ہے۔ ان کی بحالی اگلے ماہ مکمل ہونے کی توقع ہے جس کے بعد وہ آئندہ ڈومیسٹک کرکٹ سیزن میں حصہ لے سکیں گے۔