محمد رضوان کو غزہ اور فلسطین کی حمایت کرنے پر برطرف کیا گیا: راشد لطیف کا الزام

صرف اس لیے کہ اس نے فلسطین کا جھنڈا پکڑا، آپ اسے کپتانی سے ہٹا دیں؟، یہ سوچ اب آ گئی ہے کہ غیر اسلامی کپتان اسلامی ملک میں آنا چاہیے : سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 21 اکتوبر 2025 12:05

محمد رضوان کو غزہ اور فلسطین کی حمایت کرنے پر برطرف کیا گیا: راشد لطیف ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 21 اکتوبر 2025ء ) پی سی بی نے محمد رضوان کی جگہ شاہین شاہ آفریدی کو ایک روزہ کرکٹ ٹیم کا کپتان مقرر کر دیا ، محمد رضوان کو کچھ عرصہ قبل ہی بابراعظم کی جگہ کپتان مقرر کیا گیا تھا، اب ان سے یہ ذمہ داریاں لے کر شاہین آفریدی کو سونپ دی گئی ہیں۔
محمد رضوان کو ون ڈے ٹیم کی کپتانی سے برطرف کرنے پر سابق کرکٹر راشد لطیف کا ردعمل سامنے آیا ہے، انہوں نے اس فیصلے کی تمام تر ذمہ داری ہیڈ کوچ مائیک ہیسن پر ڈالی ہے۔

 
سابق ٹیسٹ کرکٹر کا کہنا تھا کہ انہوں نے محمد رضوان کو غزہ اور فلسطین کی حمایت کرنے پر برطرف کیا۔ 
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں راشد لطیف کا کہنا تھا کہ صرف اس لیے کہ اس نے فلسطین کا جھنڈا پکڑا، آپ اسے کپتانی سے ہٹا دیں؟ یہ سوچ اب آ گئی ہے کہ غیر اسلامی کپتان اسلامی ملک میں آنا چاہیے۔

(جاری ہے)

 

راشد لطیف نے مزید کہا کہ ہیسن اس طرح کی ثقافت کو ختم کرنا چاہتے ہیں جو ٹیم کے ڈریسنگ روم میں موجود ہے اور ان کے ساتھ صرف پانچ یا چھ افراد ہیں جو اس فیصلے میں شامل ہیں۔

سابق کرکٹر نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ محمد رضوان نے کپتانی کے دوران ڈریسنگ روم میں مذہبی روایات کو متعارف کروایا جو مائیک ہیسن کو پسند نہیں آیا۔
 
واضح رہے کہ محمد رضوان نے پی ایس ایل میں ملتان سلطانز کی جانب سے کھیلتے ہوئے ہر چھکے اور وکٹ کے بدلے فلسطینی امداد میں ایک لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا تھا، 2023ء میں بھی محمد رضوان نے پاکستان کی سری لنکا کے خلاف ایک روزہ ورلڈ کپ میچ میں جیت فلسطین کے بھائیوں اور بہنوں کے نام کی تھی۔