راولپنڈی ٹیسٹ، پاکستان کی پوری ٹیم 333 رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئی

سعود شکیل کی بھی نصف سنچری، کیشو مہاراج کی 7 وکٹیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 21 اکتوبر 2025 11:41

راولپنڈی ٹیسٹ، پاکستان کی پوری ٹیم 333 رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئی
راولپنڈی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 21 اکتوبر 2025ء ) راولپنڈی ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان کی پوری ٹیم جنوبی افریقا کے خلاف پہلی اننگز میں 333 رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئی ۔ پاکستان نے کھیل کے دوسرے روز اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز 259 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ سے کیا تو سعود شکیل 42 اور آغا سلمان 10 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔
دونوں کھلاڑیوں نے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور سعود شکیل نے اپنی ففٹی مکمل کی، سلمان علی آغا 45 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ سعود شکیل بھی 66 رنز پر مہاراج کا شکار بنے ، شاہین شاہ آفریدی کو بھی مہاراج نے ہی صفر پر بولڈ کرکے اپنی 5 وکٹیں مکمل کیں۔

 
ساجد خان اور آصف آفریدی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے اور دونوں کو کیشوو مہاراج نے اپنا شکار بنایا جبکہ نعمان علی 6 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

(جاری ہے)

 

جنوبی افریقا کی جانب سے کیشوو مہاراج نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 7 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ دو وکٹیں سائمن ہارمر اور ایک وکٹ ربادا کے حصے میں آئی۔ 
اس سے قبل پہلے روز پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ پاکستان کی جانب سے کپتان شان مسعود 87 جبکہ عبداللہ شفیق 57 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تھے۔ 
خیال رہے کہ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں پاکستان کو ایک صفر کی سبقت حاصل ہے۔ پاکستان نے لاہور میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں جنوبی افریقا کو 93 رنز سے شکست دی تھی۔