سیکرٹری بلدیات کی مبینہ غفلت کے باعث پنجاب بھر کے ہزاروں بلدیاتی ملازمین تنخواہوں میں اضافہ سے محروم

سیکرٹری کی طر ف سے لیٹر جاری نہ کرنے پر بلدیاتی اداروں نے گزشتہ ماہ کے اضافہ کی بھی کٹوتی شروع کر دی آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن، سینٹری ورکرز یونین اور شاہین لیبر فیڈر یشن نے احتجاج کرتے ہوئے سیکرٹری بلدیات کو فوری ہٹانے کا مطالبہ

پیر 30 اگست 2021 21:41

مریدکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 اگست2021ء) سیکرٹری بلدیات کی مبینہ غفلت کے باعث پنجاب بھر کے ہزاروں بلدیاتی ملازمین تنخواہوں میں اضافہ سے محروم ہو گئے۔ سیکرٹری کی طر ف سے لیٹر جاری نہ کرنے پر بلدیاتی اداروں نے گزشتہ ماہ کے اضافہ کی بھی کٹوتی شروع کر دی۔ آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن، سینٹری ورکرز یونین اور شاہین لیبر فیڈر یشن نے احتجاج کرتے ہوئے سیکرٹری بلدیات کو فوری ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔

آل پاکستان کلرکس ایسو سی ایشن کے سیکرٹری مقصود احمد اصلاحی، سینٹری ورکرز یونین کی صدر عنائت بی بی اور شاہین لیبر فیڈریشن کے صدر ساجن مشتاق کی قیادت میں میونسپل کارپوریشن مریدکے کے درجنوں ملازمین نے کارپوریشن آفس میں احتجاج کرتے ہوئے سیکرٹری بلدیات کے خلاف سینہ کوبی کی۔

(جاری ہے)

مظاہرین کے مطابق سیکرٹری بلدیات امین اللہ مینگل کی غفلت اور نا اہلی کے باعث صوبہ بھر کے ہزاروں ملازمین کی تنخواہوں میں 25فیصد اضافہ نہیں کیا جا سکا جس سے مہنگائی کے مارے ملازمین زبوں حالی کا شکار ہیں۔

ورکرز رہنماؤں کے مطابق مقامی کارپوریشن کی طرف سے گزشتہ ماہ اضافی تنخواہ جاری کی گئی مگر سیکرٹری بلدیات کی طرف سے نوٹیفکیشن جاری نہ کرنے پر موجودہ تنخواہوں سے کٹوتی کی جا ری ہے جس سے ملازمین سخت پریشانی کا شکار ہیں۔ مظاہرین نے سیکرٹری بلدیات کے خلاف سخت نعرہ بازی کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ سیکرٹری بلدیات کو فوری برطرف کرتے ہوئے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کا ی*نوٹیفکیشن جاری کیا جائے ورنہ صوبہ بھر کے ملازمین مستقل بنیادوں پر دھرنا دیں گے۔