محکمہ موسمیات کی 9ستمبر سے کراچی سمیت سندھ بھر میں بارش کے نئے اسپیل کی پیشگوئی

بارش کا سسٹم سینٹرل انڈیا اور بھارتی راجستھان سے سندھ کا رخ کرے گا، ہوا کا کم دبائو 7 اور 8 ستمبرکو سندھ میں داخل ہوگا، سردارسرفراز

پیر 6 ستمبر 2021 16:31

محکمہ موسمیات کی 9ستمبر سے کراچی سمیت سندھ بھر میں بارش کے نئے اسپیل ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 ستمبر2021ء) محکمہ موسمیات نے 9ستمبر سے کراچی سمیت سندھ بھر میں بارش کے نئے اسپیل کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہاہے کہ مون سون کا نیا اسپیل 9ستمبر کومتوقع ہے ، اس اسپیل میں ہلکی سے درمیانے درجے کی بارشیں ہوسکتی ہیں۔ڈائریکٹرمیٹ سردارسرفرازکے مطابق اسپیل کا دورانیہ 2روز 9 اور10ستمبر تک رہے گا اور آئندہ چند روز موسم گرم اور مرطوب رہے گا ، اس دوران کراچی کا درجہ حرارت 34سے 36ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ خلیج بنگال میں ہوا کا ایک اور کم دبائو بن رہا ہے،ہوا کے کم دبائو کا رخ مغرب کی جانب ہے۔انہوں نے کہاکہ بارش کا سسٹم سینٹرل انڈیا اور بھارتی راجستھان سے سندھ کا رخ کرے گا، ہوا کا کم دبائو 7 اور 8 ستمبرکو سندھ میں داخل ہوگا۔انہوں نے کہا کہ مون سون سسٹم کے اثرات سندھ اور ملک کے شمالی علاقوں میں نظر آسکتے ہیں، 9 سے 10 ستمبر کے دوران کراچی میں بارش کا امکان ہے۔سردار سرفراز نے کہا کہ 10 ستمبر کے بعد ایک اور ہوا کا کم دبائو خلیج بنگال میں بن سکتا ہے، ہوا کا یہ کم دبائو بھی سندھ پر اثر انداز ہونے کا امکان ہے۔