حکومت نے گوادر اور کوئٹہ حادثے میں ملوث دہشت گرد حملہ آوروں کی شناخت کرکے ایک بڑی کامیابی حاصل کی ہے،وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا پریس کانفرنس سے خطاب

پیر 6 ستمبر 2021 21:44

اسلام آباد۔6ستمبر  (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 ستمبر2021ء) :وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ حکومت نے گوادر اور کوئٹہ حادثے  میں ملوث دہشت گرد حملہ آوروں کی شناخت کرکےایک بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔پیر کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ گوادر دھماکے میں خودکش حملہ آور   اور دوسرے دھماکہ جس میں   مستونگ روڈ کوئٹہ میں ایف سی کے قافلے کو نشانہ بنایا گیا تھا  ، کی شناخت ہوگئی ہے   وہ افغانستان سے آئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ  گوادر میں  خودکش حملہ آور نے  چینی شہریوں کو لے جانے والی گاڑی کو نشانہ بنایا جس سے دو افراد  اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ ایک چینی شہری سمیت چار دیگر زخمی ہوئےجبکہ  اتوار کو ایک چیک پوسٹ کے قریب مستونگ روڈ کوئٹہ میں خودکش حملے میں چار افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوئے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ طالبان کی چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبے کا حصہ بننے کی خواہش ایک مثبت علامت ہے، سی پیک پاکستان کی شہ رگ ہے اور پاکستان اور چین کی دوستی ہمالیہ سے بلند ہے۔

انہوں نے اس بات کو دہرایا کہ طالبان قیادت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہوگی ، طورخم بارڈر پر صورتحال  معمول کے مطابق ہے اور حکومت نے طورخم بارڈر یا ملک کے کسی دوسرے حصے میں  کوئی پناہ گزین کیمپ  نہیں لگایا۔انہوں نے کہا کہ پوری دنیا بھارت کی اس شرمناک حالت سے بخوبی آگاہ ہے کیونکہ اس نے افغانستان کے نیشنل ڈائریکٹوریٹ آف سیکیورٹی (این ڈی ایس) کے قیام اور گزشتہ 40 سالوں کے دوران افغانستان میں 60 ٹریننگ کیمپ بنانے میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی   ریسرچ اینڈ اینالیسس ونگ (را) اور افغانستان کا نیشنل ڈائریکٹوریٹ آف سیکیورٹی (این ڈی ایس) بھی اپنے مذموم عزائم کی تکمیل میں شکست کا سامنا کرنے کے بعد مشکل میں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان میں دیرپا امن خطے کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی دنیا کے لیے بھی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن برقرار رکھنے اور مستحکم حکومت کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن اور ترقی پاکستان اور پورے خطے میں امن اور ترقی کے لیے ضروری ہے اور پاکستان افغانستان میں امن اور استحکام چاہتا ہے۔انہوں نے کہاکہ افغانستان آنے والے دنوں میں عالمی سیاست کا مرکزی نقطہ بننے والا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے دنیا کے کسی بھی ملک سے زیادہ قربانیاں دی ہیں، 80 ہزار جانوں کی قربانی دی جبکہ  ایک لاکھ سے زائد زخمی  اور معذور ہوئے لیکن پھر بھی ہمارے حوصلے دنیا کی سب سے زیادہ پیشہ ور اور مضبوط فوج کے ساتھ بلند ہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ امید ہے کہ دنیا عالمی امن اور استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے ان قربانیوں  کو تسلیم کرے گی۔ ہم خطے میں امن برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج ملک کی حفاظت اور اپنی ذمہ داری کو مہارت سے نبھا رہی ہے اور مادر وطن کی حفاظت کے لیے سرحدوں پر فرائض سرانجام دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیکورٹی ایجنسیاں دشمنوں کے کسی بھی خطرے کا جواب دینے کے لیے چوکس ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلح افواج  سرحد کے ساتھ نقل و حرکت پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ وزیر  داخلہ نے کہا کہ پوری قوم کو ایسی پیشہ ور سکیورٹی ایجنسیوں  پر فخر ہونا چاہیے۔اپوزیشن کے احتجاج پر تبصرہ کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ اپوزیشن اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہوگی کیونکہ عوام نے  مسلم لیگ (ن) اور  پیپلز پارٹی  دونوں کی سیاست کو مکمل طور پر مسترد کردیا ہے۔