فیصل آباد، ضلعی اوور سیز کمیٹی کا اجلاس ، متعدد شکایات کو موقع پر ہی نمٹا دیا گیا

جمعرات 9 ستمبر 2021 18:04

فیصل آباد  ۔9ستمبر  (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 ستمبر2021ء) :ضلعی اوور سیز کمیٹی کا اجلاس ڈی سی آفس فیصل آباد میں منعقد ہوا جس کی صدارت وائس چیئرمین اوورسیزکمیشن پنجاب وسیم اختر رامے اور کمشنر اوورسیز پنجاب خادم حسین نے کی جبکہ اس موقع پرڈپٹی کمشنر علی شہزاد،چیئرپرسن مرزا محمد اصغر،ایس ایس پی آپریشنز محمد افضل،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرریونیو فضل ربی چیمہ،ممبر اوورسیز کمیٹی محمد طلحہ حمید اور ضلعی محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

وائس چیئرمین اوورسیز پنجاب اور کمشنر اوورسیز نے تارکین وطن کے مختلف محکموں واداروں سے متعلقہ مسائل سن کر موقع پر افسران کو ازالہ کی ہدایات جاری کیں۔اجلاس میں سمندر پار پاکستانیوں کے اراضی پر قبضوں،جائیدادوں کی وارثتی تقسیم،رقوم کی لین دین، جعلی دستاویزات پر فراڈ،تجاوزات، غیر ملکی ویزا میں دھوکہ دہی اور دیگر مسائل پر مشتمل 27 درخواستوں پر اوورسیز پاکستانیوں کا مؤقف سنتے ہوئے بعض شکایات کو موقع پر ہی نمٹا دیا گیا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلع میں مختلف محکموں سے متعلق اوورسیز پاکستانیوں کے مقامی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جارہے ہیں اور اس سلسلے میں موصول ہونے والی شکایات کا فوری نوٹس لے کر بلاتاخیر محکمانہ اقدامات کو یقینی بنانے کی واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں۔انہوں نے متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز اور محکموں کو ہدایت کی کہ وہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل میں دلچسپی لیں اور درکار رپورٹس کی فراہمی میں معمولی سی بھی تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔

وائس چیئرمین اوورسیز کمیشن پنجاب نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل تیز رفتاری سے حل کرنے کیلئے واضح ہدایات جاری کر رکھی ہیں لہٰذا درخواست گزار محکمانہ پیش رفت سے مطمئن ہونے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ وہ پنجاب بھر کے دورے کرکے ضلعی اوورسیز کمیٹی کے اجلاس میں کیسز کو حل کرنے کی پیشرفت کا جائزہ لے رہے ہیں۔انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں اور ان کے نمائندوں سے کہا کہ انہیں درپیش مسائل کے حل کیلئے ضلعی انتظامیہ کو میرٹ پر کیسز نمٹانے کیلئے متحرک کیا گیا ہے۔کمشنر اوورسیزپنجاب نے کہا کہ ملک سے باہر پاکستانی شہری محنت سے وطن کی خدمت کر رہے ہیں جن کی جائیدادوں و خاندانوں کو تحفظ ملنا چاہیے۔