جہانگیرغنی بٹ کی قیادت میںوفدکا سید علی گیلانی کے گھر جاکر اظہار تعزیت

منگل 14 ستمبر 2021 20:29

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 ستمبر2021ء) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں حریت رہنما جہانگیرغنی بٹ کی قیادت میں ایک وفد بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کے لئے سرینگر میں ان کے گھر گیا۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق جہانگیر غنی بٹ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے تحریک آزادی کشمیر کے لئے سید علی گیلانی کی خدمات پر انہیں شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ گیلانی صاحب خود کو ایک تاریخی شخصیت تھے جنہوںنے سخت اور مشکل ترین حالات میں تحریک آزادی کی قیادت کی۔ انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی کے انتقال سے تحریک آزادی ایک عظیم نقصان سے دوچار ہوئی ہے اور اس خلاء کو کبھی پورا نہیں کیا جاسکتا ۔ جہانگیر غنی بٹ نے کہا کہ شہید رہنما کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہی ہے کہ ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے حق خودارادیت کے حصول کے لئے جدوجہد کو جاری رکھا جائے۔ وفد میں معروف یونس شاہ، محمد اکبر بٹ اور مشتاق احمد بخاری بھی شامل تھے۔