وفاقی وزیر فواد چودھری کے سر پر نا اہلی کی تلوار لٹکنے لگی

وفاقی وزرا فواد چوہدری اور اعظم سواتی کے الیکشن کمیشن کے خلاف الزامات پر نااہلی کی سزا بھی ہو سکتی ہے۔ ماہر قانون کنور دلشاد

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 15 ستمبر 2021 10:51

وفاقی وزیر فواد چودھری کے سر پر نا اہلی کی تلوار لٹکنے لگی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15 ستمبر 2021ء) : الیکشن کمیشن پر عائد کیے جانے والے الزامات کے بعد وفاقی وزرا فواد چودھری اور اعظم سواتی کے سر پر نا اہلی کی تلوار لٹکے لگی ہے۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کے سابق سیکرٹری اور ماہر قانون کنور دلشاد نے کہا کہ وفاقی وزرا فواد چوہدری اور اعظم سواتی کے الیکشن کمیشن کے خلاف الزامات پر نااہلی کی سزا بھی ہو سکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت اور الیکشن کمیشن کے معاملے میں آئینی بحران پیدا ہو رہا ہے۔ الیکشن کمیشن نے سوچ سمجھ کر قدم اٹھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزرا کے الیکشن کمیشن پر الزامات کے نتیجے میں ان پر توہین عدالت لگ سکتی ہے اور انہیں نااہلی کی سزا بھی ہو سکتی ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ الیکشن کمیشن پر عائد کیے جانے والے الزامات پر وفاقی وزرا فواد چودھری اور اعظم سواتی کو نوٹسز جاری کیے گئے تھے۔

الیکشن کمیشن نے وفاقی وزرا کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے مسترد کر دیئے اور اعظم سواتی سے الزامات کے ثبوت مانگنے کا بھی فیصلہ کیا ۔ الیکشن کمیشن نے پیمرا سے متعلقہ ریکارڈر طلب کیا ہے جب کہ ایوانِ صدر، سینیٹ کمیٹی کی کارروائی اور میڈیا بریفنگ سے متعلق ریکارڈ مرتب کرنے کی بھی ہدایت کی ۔ جبکہ دوسری جانب الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹس پر رد عمل دیتے ہوئے وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا احترام اپنی جگہ لیکن شخصیات کے سیاسی کردار پر بات کرنا پسند نہیں تو اپنا کنڈکٹ غیر سیاسی رکھیں نوٹس آیا تو تفصیلی جواب دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بحیثئت ادارہ الیکشن کمیشن کی حیثئت مسلمہ ہے لیکن شخصیات غلطیوں سے مبراء نہیں اور تنقید شخصیات کے کنڈکٹ پر ہوتی ہے ادارے پر نہیں۔