ڈیر ہ اسماعیل خان،گمل خورد کے قریب راہزنی کی مبینہ واردات، ٹرک کے نہ رکنے پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ ،ٹرک ڈرائیور جاں بحق

بدھ 15 ستمبر 2021 21:41

ڈیر ہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2021ء) تھانہ صدر کی حدود بائی پاس روڈلنک روڈ گمل خورد کے قریب راہزنی کی مبینہ واردات، ٹرک کے نہ رکنے پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ٹرک ڈرائیور جاں بحق، مقتول کے بھائی کی رپورٹ پر نامعلوم مسلح راہزنوں کیخلاف مقدمہ درج، لواحقین کا نعش سڑک پر رکھ کر احتجاج، سڑک آمد و رفت کیلئے بند کردی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے عبدالوارث ولد محمدرسول سکنہ قلعہ عبداللہ کوئٹہ نے تھانہ صدرمیں رپورٹ درج کرائی ہے کہ میں اور میرا 24سالہ بھائی اسلام الدین اپنے ہینو ٹرک نمبرTKS-993 پر خضدار بلوچستان سے ماربل لوڈ کرکے راوالپنڈی جارہے تھے، میں ٹرک کے ٹول پر سویا ہوا تھا کہ رات گئی2بجے کے بعدبائی پاس روڈ نزد لنک روڈ گمل خورد پر فائرنگ کی آوازسے میری آنکھ کھلی تو بھائی کو زخمی حالت میں پایا، میں نے بمشکل ٹرک کو روکا اور بھائی کو سنبھالا تو وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ چکا تھا۔

واقعہ کی اطلاع پر مقتول کے لواحقین اور مقامی افراد نے احتجاجاً نعش کو سڑک پر رکھ کر احتجاج کیا اور سڑک کو ہر قسم کی آمدورفت کیلئے بند کردیا تاہم بعدازاں مقامی پولیس سے کامیاب مذاکرات اور ملزمان کی گرفتاری کی یقین دہانی پر مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔