اوپن یونیورسٹی‘ ایبٹ آباد میں یونیورسٹی کے طلبہ کو انٹرنیٹ سہولتیں فراہم کرینگے

ْمردان ریجن کی عمارت کی تعمیر کے لئے صوبائی حکومت نے 20کنال اراضی فراہم کرنے کی حامی بھرلی

جمعرات 16 ستمبر 2021 15:19

اوپن یونیورسٹی‘ ایبٹ آباد میں یونیورسٹی کے طلبہ کو انٹرنیٹ سہولتیں ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 ستمبر2021ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر ، پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے خیبر پختونخواہ کے دورے کے آخری مرحلے میں گذشتہ روز ایبٹ آباد کا دورہ کیا ۔ایبٹ آباد میں حکومتی عہدیداران ، سیاسی و سماجی شخصیات ، طلبہ اور ٹیوٹرز کے ساتھ ملاقات میں انہوں نے یونیورسٹی کی ڈیجٹلائزیشن پر تفصیلی گفتگو کی۔

ڈاکٹر ضیاء القیوم نے کہا کہ یونیورسٹی کے طلباء و طالبات کو’’گھر بیٹھے تعلیم‘‘کے سلوگن کے ساتھ آن لائن سہولتیں فراہم کردی گئیں ہیں۔ وائس چانسلر نے طلبہ اور انکے والدین سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ ایبٹ آباد کے مرکزی مقام پر کسی سکول یا کالج کی نشاندہی کریں ، یونیورسٹی اُس ادارے کی انتظامیہ سے گفت و شنید کے بعد وہاں پر مقامی طلبہ کے لئے کمپیوٹر اور انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرد ے گی تاکہ وہ یونیورسٹی کی آن لائن سہولتوں سے مفت استفادہ کرکے اپنا تعلیمی سلسلہ بلاتعطل جاری رکھ سکیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ وائس چانسلر نے کوہاٹ ، پشاور ، مردان ، تیمرگرہ ، سوات کا دورہ بھی کیا اور ان علاقوں میں یونیورسٹی کے ریجنل آفسز کی عمارتوں کی تعمیر کے لئے اراضی حاصل کرنے میں یونیورسٹی کو کامیابی مل گئی ہے۔مردان ریجن کی عمارت کی تعمیر کے لئے صوبائی حکومت نے 20کنال اراضی فراہم کرنے کی حامی بھری ہے اور ضلعی انتظامیہ کو اراضی کے انتخاب کی ذمہ داری سونپ دی گئی ہے۔