جس طرح سے دورہ پاکستان ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا وہ غلط ہے:گرانٹ ایلیٹ

نیوزی لینڈ کرکٹ کو واضح کرنا چاہئے کہ انہوں نے یہ فیصلہ کس وجہ سے لیا، پی سی بی اور شائقین اس فیصلے پر انتہائی غصے میں ہیں: سابق کیوی آل راؤنڈر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 18 ستمبر 2021 16:55

جس طرح سے دورہ پاکستان ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا وہ غلط ہے:گرانٹ ایلیٹ
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 18 ستمبر 2021ء ) نیوزی لینڈ کے سابق آل راؤنڈر گرانٹ ایلیٹ کا کہنا ہے کہ جس طرح سے دورہ پاکستان ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا وہ غلط ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گرانٹ ایلیٹ کا کہنا تھا کہ میں بھی پی ایس ایل کھیلنے کے لیے پاکستا ن جاچکا ہوں ،وہاں ہمیں صدارتی لیول کی سکیورٹی ملی، مجھے ابھی تک سمجھ نہیں آیا کہ فول پروف سکیورٹی میں کیا تھریٹ تھا، نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے دورہ منسوخ کرنے کے خدشات بھی واضح نہیں کیے گئے، جس طرح سے یہ فیصلہ کیا گیا وہ انتہائی غلط ہے، نیوزی لینڈ کرکٹ کو واضح کرنا چاہئے کہ انہوں نے یہ فیصلہ کس وجہ سے لیا، پاکستانی عوام کرکٹ سے محبت کرنے والے لوگ ہیں ، پی سی بی اور شائقین نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے اس فیصلے پر انتہائی غصے میں ہیں۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ پاکستان کے دورے پر آئی نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے بورڈ نے اچانک سیکیورٹی خدشات کا بہانہ بنا کر سیریز منسوخ کرنے اور وطن واپس جانے کا اعلان کردیا۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ کل راولپنڈی سٹیڈیم میں دوپہر ڈھائی بجے شروع ہونا تھا اور پاکستان 18 سال بعد اپنی سرزمین پر نیوزی لینڈ ٹیم کی میزبانی کے لیے تیار تھا تاہم اچانک مہمان ٹیم کی کرکٹ بورڈ نے دورہ ختم کرکے ٹیم کو واپس بلانے کا اعلان کردیا۔