الیکشن کمیشن دونوں وزراء کیخلاف توہین کا مقدمہ بنائے گا، اعتزاز احسن

الیکشن کمیشن کا دو وزراء کو نوٹس سیاسی لڑائی بن چکی ہے، الیکشن کمیشن کو ایسے معاملات میں نہیں الجھنا چاہیے۔ ماہر قانون اور سینئر مرکزی رہنماء پیپلزپارٹی کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 20 ستمبر 2021 19:58

الیکشن کمیشن دونوں وزراء کیخلاف توہین کا مقدمہ بنائے گا، اعتزاز احسن
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 ستمبر2021ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماء اور ماہر قانون اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن دونوں وزراء کیخلاف توہین کا مقدمہ بنائے گا، الیکشن کمیشن کا دو وزراء کو نوٹس سیاسی لڑائی بن چکی ہے، الیکشن کمیشن کو ایسے معاملات میں نہیں الجھنا چاہیے۔ انہوں نے چیئرمین نیب کی تقرری میں توسیع کے حوالے سے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت چیئرمین نیب کو توسیع نہیں دے سکتی، قانون میں ترمیم کر کے چیئرمین نیب کو توسیع دی جا سکتی ہے، کسی کو بھی نااہل کرنا آسان نہیں، ماہر قانون کا آرڈیننس کے متعلق کا کہنا تھا کہ حکومت چیئرمین نیب کی توسیع آڈریننس کے ذریعے کر سکتی ہے اور آرڈینس چار ماہ سے زیادہ موثر نہیں رہ سکتا، قانون میں لکھا ہوا کہ چیئرمین نیب کو سنگل ٹرم کیلئے لگایا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

اعتز از احسن کا کہنا تھا کہ حکومت ا پوزیشن سے کیوں الجھ رہی ہے اس کا جواب وہ بہتر دے سکتے ہیں، الیکشن کمیشن کا دو وزرا کو نوٹس سیاسی لڑائی بن چکی ہے، کسی کو نااہل کرنا آسان نہیں ہوتا، الیکشن کمیشن وزرا کیخلاف توہین کا ہی مقدمہ بنائے گی، الیکشن کمیشن کو ایسے معاملات میں نہیں الجھنا چاہیے۔یاد رہے 16ستمبر کو الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وفاقی وزراء فواد چودھری اور اعظم سواتی کو نوٹس جاری کردیے، الیکشن کمیشن نے دونوں وزراء سے 7 روز میں الزامات کا تحریری جواب مانگ لیا، الیکشن کمیشن نے نوٹس میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کی کاروائی کا بھی نوٹس میں حوالہ دیا ہے، نوٹس میں دونوں وفاقی وزراء فواد چودھری اور اعظم سواتی کے الیکشن کمیشن پر عائد الزامات کا 7 روز میں تحریری جواب جمع کرانے کا حکم دے رکھا ہے۔

واضح رہے پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں وفاقی وزیر اور الیکشن کمیشن حکام میں تلخ کلامی ہوگئی تھی۔ اجلاس کے دوران وفاقی وزیر اعظم سواتی نے اجلاس میں کہا کہ الیکشن کمیشن پارلیمان کا مذاق بنارہا ہے، الیکشن کمیشن نے پیسے پکڑے ہوئے ہیں۔ ایسے اداروں کو آگ لگا دیں ۔ آئین سے الیکشن کمیشن کو نکال دینا چاہیے، آئینی ترمیم کرکے عام انتخابات کرانے کا اختیار حکومت وقت کو دینا چاہئیے، الیکشن کمیشن ماضی کے انتخابات میں دھاندلی کوراتا رہا ہے۔

وزیر ریلوے اعظم سواتی کے بیان پرالیکشن کمیشن حکام آگ بگولہ ہو گئے۔ جبکہ فواد چودھری نے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن ن لیگ کا ہیڈکوارٹرز بن چکا ہے۔ 10 ستمبر کو چیف الیکشن کمشنرسکندرسلطان راجہ نے الیکشن کمیشن کو آگ لگانے اور پیسے لینے کے الزامات پر سخت برہمی کا اظہار کیا، چیف الیکشن کمشنر نے کاروائی کیلئے قانونی آپشنز پر غور کیلئے اجلاس طلب کیا تھا۔