وفاقی حکومت اور محکمہ ایف بی آر کی تاجر دشمن پالیسیاں برداشت سے باہر ہوتی جا رہی ہیں۔۔ جاوید میمن

Imran Malik عمران ملک منگل 21 ستمبر 2021 11:27

وفاقی حکومت اور محکمہ ایف بی آر کی تاجر دشمن پالیسیاں برداشت سے باہر ..
سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 ستمبر2021ء) سکھر اسمال ٹریڈرز کے صدر حاجی محمد جاوید میمن نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت اور محکمہ ایف بی آر کی تاجر دشمن پالیسیاں برداشت سے باہر ہوتی جا رہی ہیں،کورونا وائرس اور لاک ڈاﺅن کی وجہ سے تجارتی سرگرمیاں ٹھپ ہوکر رہ گئی ہے، حکومت اور محکمہ ایف بی آر ٹیکس چھوٹ دینے اور تاجروں کو سہولیات اور مراعات دینے کے بجائے نت نئی ٹیکس پالیسیاں مرتب کر کے تاجروں کے مسائل و مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

پوائنٹ آف سیل ، ٹیکس صدارتی آرڈیننس ، چھوٹے تاجروں سیلز ٹیکس رجسٹریشن سمیت دیگر مسائل کے حل کیلئے ملک بھر کے تاجر ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوچکے ہیں، 23 ستمبر کو ملتان میں ملک گیر تاجروں کا کنونشن منعقد کر کے تاجروں کے مسائل کے حل کیلئے لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا اور اگر حکومت اور محکمہ ایف بی آر نے ظالمانہ اقدامات کا خاتمہ کر کے آسان اور سہل ٹیکس نظام متعارف نہیں کرایا تو پھر 27 ستمبر بروز پیر کو وزارت خزانہ اسلام آبادکا گھیراﺅ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے تاجر سیکریٹریٹ گولڈ سینٹر صرافہ بازار میں سکھر اسمال ٹریڈرز کے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس میں حاجی غلام شبیر بھٹو، حاجی عبدالستار راجپوت، عبدالقادر شیوانی، حاجی رئیس قریشی، حافظ محمد شریف ڈاڈا، بابو فاروقی، ظہیر حسین بھٹی، محمد منیر میمن، اعظم خان، محمد ذاکر خان، عبدالباری انصاری، محمد رضوان قادری، ڈاکٹر سعید اعوان، لالہ محب، امدد جھنڈیر،محمد عامر سجاد، احسان بندھانی، فخر الدین عباسی، معراج وارثی، سید محمد شاہ سمیت دیگر تاجروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر ملتان تاجر کنونشن اور اسلام آباد دھرنے میں شرکت کے حوالے سے لائحہ عمل مرتب کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حاجی محمد جاوید میمن ودیگر تاجروں کا مزید کہنا تھا کہ پوائنٹ آف سیل کے تحت ایف بی آر کو تاجروں کے کھاتوں تک رسائی کی کسی بھی صورت اجازت نہیں دینگے۔تاجر وں کے دیئے ہوئے ٹیکس سے ہی ملکی معیشت کا پہیہ چلتا ہے، لیکن حکومت اور محکمہ ایف بی آر ٹیکس ادا کرنیوالے تاجروں کو مراعات اور سہولیات فراہم کرنے بجائے نت نئی پالیسیاں ، ٹیکس آرڈیننس جاری کر کے ٹیکس ادا کرنیوالے تاجروں کو ہی پریشان کیا جاتا ہے جسے کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم تاجروں کے حقوق کیلئے کسی بھی صورت پیش نہیں ہیٹھیں گے، حکومت اور محکمہ ایف بی آر کے تاجر دشمن اقدامات کے خلاف بھرپور احتجاج کرتے ہوئے 23 ستمبر کو ملتان میں ملک گیر کنونشن اور 27 ستمبر کو اسلام آباد میں وزارت خزانہ کو گھیراﺅ کیا جائے گا جس میں سکھر سمیت ملک بھر کے تاجر رہنما شرکت کرکے حکومت اور وزارت خزانہ کو تاجر دشمن اقدامات کے خاتمے اور تاجروں کے مسائل حل کرنے پر مجبور کر دینگے۔