پاکستان ہرطرح کی سیاحت، کاروباراورکھیلوں کے لیے محفوظ ملک ہے

پاکستان عالمی شراکت داروں کے ساتھ خطے میں فروغ امن کے لیے پرعزم ہے۔ آرمی چیف

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 21 ستمبر 2021 14:17

پاکستان ہرطرح کی سیاحت، کاروباراورکھیلوں کے لیے محفوظ ملک ہے
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 ستمبر 2021ء) : آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاکستان ہر قسم کی بین الاقوامی سیاحت، کھیلوں اور کاروباری سرگرمیوں کے لیے محفوظ ہے۔ تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے یونان کے سفیر نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان میں یونان کے سفیر آندریس پاپاستروو نے جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا، دورے کے دوران انہوں نے پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔

ملاقات میں باہمی امور سمیت علاقائی سکیورٹی، افغانستان کی صورتحال اورمختلف شعبوں میں باہمی تعاون پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں افغانستان کی صورتحال پر بھی بات چیت ہوئی۔

(جاری ہے)

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان اپنے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ خطے میں امن اور افغان عوام کے مستحکم اور خوشحال مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ ہم مشترکہ مفاد کے تمام شعبوں میں صحت مند دو طرفہ تبادلے کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ آرمی چیف نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ پاکستان ہرطرح کی سیاحت، کاروبار اور کھیلوں کیلئے محفوظ ملک ہے۔ آرمی چیف نے مزید کہا کہ ہرشعبے میں باہمی تعاون کے فروغ کی حوصلہ افزائی کریں گے۔ مہمان خصوصی نے مربوط قومی ردعمل کے ذریعے کوویڈ 19 پر قابو پانے میں پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ یونانی سفیرآندریس پاپاستروو نے افغانستان کے لیے پاکستان کے کردار اور غیرملکی عملے کے انخلاء میں پاکستان کے تعاون کو بھی سراہا جس میں کامیاب انخلا آپریشن اور علاقائی استحکام کے لیے کوششیں شامل ہیں۔