سلامتی کونسل کے مستقل رکن ممالک پرامن اور مستحکم افغانستان کے خواہاں ہیں ، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ

جمعرات 23 ستمبر 2021 16:15

سلامتی کونسل کے مستقل رکن ممالک پرامن اور مستحکم افغانستان کے خواہاں ..
اقوام متحدہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2021ء) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے 5 مستقل رکن ممالک پرامن اور مستحکم افغانستان کے خواہاں ہیں اور  اس موقف پر متحد ہیں۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق انہوں نے گزشتہ روز اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے دوران وزرائے خارجہ کے ساتھ بات چیت کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ سلامتی کونسل کے 5 مستقل رکن ممالک  افغانستان میں امن اور استحکام کے خواہاں ہیں جہاں انسانی امداد  بلا تفریق  فراہم کی جاسکے  اور وہ ایسا افغانستان دیکھنا چاہتے ہیں جہاں خواتین اور لڑکیوں کا احترام کیا جائے، ایک ایسا افغانستان جو دہشت گردی کی پناہ گاہ نہ ہو، ایک ایسا افغانستان جہاں جامع حکومت کی تشکیل ہو  جو کسی مذہب، مسلک ، امتیازی سلوک کے بغیر تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی نمائندگی کرے۔

(جاری ہے)

امریکا، برطانیہ، فرانس، اور روس کے وزرائے خارجہ نے گزشتہ روز ملاقات کی جبکہ اس ملاقات میں چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے ورچوئل شرکت کی،یہ ملاقات ایک گھنٹے سے زائد تک جاری رہی اور ان میں سے کسی رہنما نے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو نہیں کی۔  ملاقات سے قبل   اقوام متحدہ میں چین کے سفیر زہان جن نے کہا کہ 5رکن ممالک افغانستان میں جامع حکومت کے قیام پر اتفاق کیا ہے اور ہر کوئی متحد ہے۔ برطانوی وزیر خارجہ لز ٹروز نے اس  امید کا اظہار کیا کہ طالبان  کے ساتھ روابط  کے لیے مشترکہ موقف اپنایا جائے گا۔