اوپن یونیورسٹی، نیکسٹ جین یو اور این ایچ ایس ڈی پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں بھرپور کردار ا دا کر رہے ہیں، ڈاکٹر اریکا فرینک

جمعرات 23 ستمبر 2021 16:30

اوپن یونیورسٹی، نیکسٹ جین یو اور این ایچ ایس ڈی پائیدار ترقی کے اہداف ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2021ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کینیڈین تنظیم نیکسٹ جین یو اور پاکستانی غیر سرکاری تنظیم این ایچ ایس ڈی کے ساتھ  مشترکہ طور پر پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں بھرپور کردار ادا کرررہی ہے، واضح رہے کہ اِن تینوں اداروں کے درمیان 2دسمبر 2020ء کو ایک معاہدہ ہوا تھا جس کے تحت پاکستان میں تعلیم اور صحت عامہ کے شعبوں میں سرٹیفیکٹ کورسز متعارف کرانے میں تینوں ادارے مل کرکام کرینگے،  تینوں اداروں کی مشترکہ کوششیں دنیا بھر کے لوگوں کے لئے امن اور خوشحالی کے اقوام متحدہ کے  2030 ء کے اہداف کے حصول میں سنگ میل ثابت ہونگی۔

اِن خیالات کا اظہار نیکٹ جین یو کی بانی اور ایگزیکٹیو ڈائریکٹر اریکا فرینک نے "پائیدار ترقی کے اہداف کے حوالے سے تعلیم کی اہمیت"کے موضوع پر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں شعبہ انوائرمینٹل ڈیزائن، ہیلتھ اینڈ نیوٹریشن سائنسز کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے ورچول لیکچر دیتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

شعبہ انوائرمینٹل ڈیزائن کی چیئر پرسن ڈاکٹر ہاجرہ نے کہا کہ کینیڈین تنظیم نیکسٹ جین یو اور این ایچ ایس ڈی کے تعاون سے اوپن یونیورسٹی نے پانچ سرٹیفکیٹ کورسز متعارف کرائے ہیں، اِن میں  کمیونٹی اورینٹڈ پرائمری کیئر، موسمیاتی تبدیلی اور صحت، ماحولیاتی صحت،  وبائی امراض اور طرز زندگی و صحت شامل ہیں۔

یونیورسٹی کے بین الاقوامی تعاون و تبادلہ آفس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر زاہد مجید نے اس موقع پر کہا کہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم معیاری اور بامعنی تعلیم کے فروغ کے لئے بین الاقوامی اداروں کے ساتھ معاہدوں کو خصوصی اہمیت دے رہے ہیں اس مقصد کے لئے انہوں نے یونیورسٹی میں بین الاقوامی کولبریشن اینڈ ایکسچینج آفس قائم کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کمیونٹی کی ڈویلپمنٹ کے لئے اوپن یونیورسٹی نیکسٹ جین کے اشتراک عمل سے نرسنگ پروگرامز شروع کرانے کی خواہش رکھتی ہے۔