ْکراچی میں تھوڑی سی بارش، کئی علاقوں میں پانی جمع، برساتی نالے ابل پڑے، جگہ جگہ ٹریفک جام

ناگن چورنگی کے قریب فرنیچرمارکیٹ میں بارش کا پانی داخل ہو گیا جس سے دکانداروں کا قیمتی فرنیچر خراب ہوگیا مون سون نے تباہی مچادی، بجلی کی بندش نے شہریوں کی تکالیف بڑھا دیں، 250 سے زائد فیڈرز سے بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی

جمعرات 23 ستمبر 2021 23:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2021ء) کراچی میں بارش کے باعث لوگوں کا ایک بار پھر بڑا امتحان شروع ہو گیا، برساتی نالے ابل پڑے، جگہ جگہ ٹریفک جام اور 250 سے زائد فیڈرز سے بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔تیز بازش سے کراچی کی ناگن چورنگی پر کئی فٹ پانی جمع ہونے سے متعدد گاڑیاں پھنس گئیں جب کہ شہری پانی میں موٹرسائیکل گھسیٹتے رہے۔

ناگن چورنگی کے قریب فرنیچرمارکیٹ میں بارش کا پانی داخل ہو گیا جس سے دکانداروں کا قیمتی فرنیچر خراب ہوگیا۔تیز بارش کے باعث ضلع وسطی کی متعدد مرکزی شاہراہوں پر پانی جمع ہو گیا ،شاہراہ عثمان پر حیدری مارکیٹ ، ناگن چورنگی اور شاد مان ٹاون کا برساتی نالہ ابل پڑا۔فور کے چورنگی سے دومنٹ چورنگی تک سڑک کا زیر آب آ گئی، شاہراہوں پر پانی جمع ہونے کے باعث ٹریفک کی روانی معطل ہو کر رہ گئی۔

(جاری ہے)

ادھر 250 سے زائد فیڈرز سے بجلی کی فراہمی بند ہو گئی ہے، سرجانی ٹان، نارتھ کراچی ، نیو کراچی ، اورنگی ٹان اور بلدیہ میں بجلی کی فراہمی معطل ہے۔اولڈ صدر ، لیاری ، کورنگی ، محمود آباد ،ملیر،شاہ فیصل کالونی اورسعود آباد کے علاقوں کو بجلی کی فراہمی بند کردی گئی۔ ۔ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق احتیاطی تدابیر کے باعث کچھ علاقوں میں بجلی کی فراہمی بند کی گئی ہے،بارش کے پانی کی نکاسی مکمل ہوتے ہی بجلی بحال کردی جائے گی۔

ترجمان کے الیکٹرک نے کہاکہ بارش کے موسم میں شہری برقی آلات کے استعمال میں خصوصی احتیاط کریں ۔ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے سبب حفاظتی اقدامات کے تحت بجلی کی ترسیل میں عارضی تعطل آسکتا ہے ۔ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق غیر قانونی ذرائع سے بجلی کا حصول اور کنڈے جان لیوا حادثات کا سبب بنتے ہیں ۔ترجمان نے مشورہ دیا کہ بارش کے دوران شہری ٹوٹے ہوئے تاروں، ٹی وی انٹر نیٹ کیبلز ، بجلی کے کھمبوں اور پی ایم ٹیز، سے دور رہیں۔

ترجمان نے کہا کہ بارش اور کھڑے پانی میں پانی کی موٹر جیسے برقی آلات کا غیر محفوظ استعمال حادثات کا سبب بن سکتا ہے۔ کے ای کا فیلڈ عملہ علاقائی سطح پر مقامی فالٹس در ستگی کے لئے الرٹ ہے ۔ترجمان ،کے الیکٹرک نے مزید کہا کہ شکایت کی صورت میں 118 کال سینٹر ، 8119 پر ایس ایم ایس یا کے الیکٹرک سوشل میڈیا پلیٹ فورم پر رابطہ کیا جاسکتا ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاون میں 70ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، نارتھ کراچی میں 49.2،پی اے ایف فیصل بیس میں 47ملی میٹر،ناظم آباد میں 20.2،سعدی ٹاون میں 16.1اوریونیورسٹی روڈمیں14ملی میٹر بارش ہوئی۔

اورنگی ٹاون میں 10.6،قائدآباد میں 8.5،گلشن حدید میں 5ملی میٹر،ڈی ایچ اے فیزٹومیں 7،پی اے ایف مسروبیس 5 ،کیماڑی میں 2.7،معمارمیں 3.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں مزید دو روز کے دوران ہلکی اور تیز بارش کا امکان ہے۔