صوابی ،پولیس نے بینک میں ہونیوالی ڈکیتی کے نامعلوم ڈکیتوں کا بارہ گھنٹے کے اندر سراغ لگا لیا،سات ملزم گرفتار

ہفتہ 25 ستمبر 2021 23:20

صوابی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2021ء) ضلع صوابی کی پولیس نے ڈی پی او محمد شعیب خان ، ایس پی انوسٹی گیشن بنارس خان اور ایس ڈی پی اوز کی قیادت میں حبیب بینک چھوٹا لاہور برانچ میں 65لاکھ روپے کی ہونے والی ڈکیتی کے نامعلوم ڈکیتوں کا بارہ گھنٹے کے اندر اندر سراغ لگا کر بین الصوبائی ڈکیت گروہ کے سات ارکان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے لوٹی ہوئی رقم ، اسلحہ ، موٹر کار اور موٹر سائیکل بر آمد کر لی ۔

گرفتار ملزمان کا تعلق کوہاٹ، پشاور اور صوابی سے ہے۔جو کہ اس سے قبل کراچی سمیت مختلف صوبوں میں ڈکیتی کی وارداتوں میں جیل جا چکے ہیں گینگ کے بیشتر ارکان کراچی جیل سے رہا ہو کر کچھ عرصہ قبل صوابی آکر منصوبہ بندی کے تحت نو افراد نے مل کر بینک ڈکیتی کے منصوبے کو عملی جامہ پہنایا۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں ہفتہ کی شام ڈی آئی جی یاسین فاروق ، ڈی پی او صوابی محمد شعیب خان ، ایس پی انوسٹی گیشن بنارس خان ،ڈی ایس پی لاہور تاج محمد خان اور ایس ایچ او الطاف خان کے ہمراہ ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ جمعہ کی شام تقریباً چار بجے سات نامعلوم مسلح افراد نے حبیب بینک لمٹیڈ فوجون برانچ چھوٹا لاہور میں داخل ہو کر سیکیورٹی گارڈ اور عملے پر پستول رکھ کران کو یر غمال بنایا اور بینک سے مبلغ 64لاکھ 6ہزار 857روپے لوٹ کر فرار ہو گئے اور بینک کو باہر سے تالہ لگا دیا ملزمان نے بینک سے بارہ بور رپیٹر ، دو ضرب پستول تیس بور سیکیورٹی گارڈ سے چھین کر اپنے ساتھ لے گئے بینک منیجر کی رپورٹ پر چھوٹالاہور پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لئے سرچ آپریشن شروع کر دی۔

اس دوران پولیس آفسران کی قیادت میں پولیس نے وقوعہ کی ایف آئی آر درج رجسٹر ہوکر تیس منٹ کے اندرپہلا ملزم گرفتار کر لیا اورباقی ملزمان کی شناخت ہوکرضلع صوابی کے مختلف ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کی چھاپہ مار ٹیمیں زیر نگرانی ایس پی انوسٹی گیشن ترتیب دی جاکر 12 گھنٹوں کے اندر نہ صرف ملزمان کی گرفتاری بلکہ چھینی گئی رقم بھی برآمد کی گئی۔

ملزمان کا تعلق صوبہ کے مختلف اضلاع کوہاٹ، پشاور اور صوابی سے ہے۔ جوکہ پہلے سے ڈکیتیوں میں جیل بھی جا چکے ہیں۔ مذکورہ گینگ کے بیشتر ممبران کراچی جیل سے رہا ہوکرکچھ عرصہ قبل صوابی آئے تھے اور پوری منصوبہ بندی کے بعد 09 افراد نے مل کر یہ بینک ڈکیتی کی۔ ملزمان سے ڈکیتی میں استعمال شدہ گا02 عدد موٹر کار، ایک عدد موٹر سائیکل ، 05 عدد پستول،بینک سیکورٹی گارڈسے چھینا گیا رائفل اور رقم مبلغ 35 لاکھ 10 ہزار پانچ سو روپے بھی ریکور کرلیا گیا۔

ملزمان اس سے پہلے بھی کراچی میں پانچ بڑی ڈکیتیاں کرچکے ہیں جس میں مذکورہ ملزمان جیل بھی جاچکے ہیں۔مذکورہ گینگ کے بعض ممبران قتل کے مقدمات میں ضلع کوہاٹ سے اشتہاری بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گرفتار ہونے والے ڈکیت گروہ کے ارکان میں ذوہیب ولد عبدالرحمان سکنہ لاہور صوابی محمد جاوید ولد زرناب گل سکنہ لاچی کوہاٹ انعام ولد امیر زادہ سکنہ لاہور صوابی راج ولی ولد امیر زادہ سکنہ لاہور نورنگ زیب ولد شریف خان سکنہ کوہاٹ شاہ حسین عرف گامو ولد شاہد سکنہ کوہاٹ شہاب ولد محمد ولی سکنہ یارحسین ضلع صوابی شامل ہیں انہوں نے کہا کہ بینک ڈکیتی میں مقامی ملزمان بھی ملوث ہے ۔

ملزمان کو حجرے میں ٹہرانے اور بلانے والے گروپ کو بھی جلد بے نقاب کیا جائیگا ۔انہوں نے کہا کہ بارہ گھنٹے کے اندر اندر ملزمان کی گرفتاری ضلع صوابی پولیس کی تاریخی کارنامہ ہے۔