صدر آزاد کشمیر سے برطانوی ممبر پارلیمنٹ ناز شاہ کی ملاقات،مسئلہ کشمیر بارے گفتگو

کشمیری عوام کو حق خودارادیت دلوانے کیلئے مسئلہ کشمیر کو جارحانہ انداز میں بین الاقوامی فورمز پر اُٹھانا ہوگا، بیرسٹر سلطان

بدھ 13 اکتوبر 2021 19:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2021ء) آزاد جموں وکشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور برطانوی ممبر پارلیمنٹ ناز شاہ نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو جارحانہ انداز میں بین الاقوامی فورمز پر اُٹھانا ہے تاکہ کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق اُن کا حق خودارادیت مل سکے تاکہ وہ اپنے مستقبل کا فیصلہ اپنی مرضی و منشا کے مطابق کر سکیں۔

مقبوضہ کشمیر میں جو بربریت اور مظالم ہو رہے ہیں اُسے ہم برطانوی پارلیمنٹ سمیت یورپ کی پارلیمنٹس میں بھی اُٹھائیں گے۔ اس موقع پر برطانوی ممبر پارلیمنٹ ناز شاہ نے کہا کہ ہم مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی پر پہلے بھی آواز اُٹھاتے رہے ہیں اور آئندہ بھی اُٹھاتے رہیں گے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں ہم برطانوی پارلیمنٹ میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ میں جلد ہی برطانیہ اور یورپ کے دورے پر جا رہا ہوں جہاں پر مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیرمیں جاری بھارتی مظالم پر دنیا کی توجہ مبذول کرائوں گا۔ اس موقع پر صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے ممبر برطانوی پارلیمنٹ ناز شاہ کی مسئلہ کشمیر کو برطانوی پارلیمنٹ میں اُجاگر کرنے کی کوششوں کو سراہا اور اس امر کا اظہار کیا کہ ہم سب مل کر مشترکہ طور پر برطانوی اور یورپ کی پارلیمانز میں کشمیری عوام کی آواز پہنچائیں گے۔ اس موقع پر دونوں کے درمیان باہمی دلچسپی سمیت دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔