بوائز ڈگری کالج ژوب سے طلباء ایکشن کمیٹی ژوب/شیرانی اور نوجوانان ایکشن کمیٹی کی جانب سے انٹرمیڈیٹ نتائج 2021 کے خلاف ایک احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا

بدھ 13 اکتوبر 2021 19:38

ژوب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2021ء) بوائز ڈگری کالج ژوب سے طلباء ایکشن کمیٹی ژوب/شیرانی اور نوجوانان ایکشن کمیٹی کی جانب سے حالیہ انٹرمیڈیٹ نتائج 2021 کے خلاف ایک احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کے شرکاء نے پلے کارڈ اٹھائے تھے جن پر بلوچستان بورڈ انتظامیہ کے خلاف نعرے درج تھے ریلی شہر کے مختلف شاہراہوں پر مارچ کر کے شمس الدین شہید چوک پر ایک احتجاجی جلسے میں تبدیل ہوئی۔

(جاری ہے)

مقررین نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں دیگر محکموں کی تباہی کے بعد دانستہ طور پر محکمہ تعلیم کو تباہ کیا جا رہا ہے طلباء ہمارے مستقبل کے معمار ہیں انکے ساتھ انتہائی ظلم کیا گیا ہے۔ پیپرز کو چیک کئے بغیر اندازے سے کم نمبر دیے گئے ہیں ان نمبروں کے حساب سے طلباء / طالبات کو کہیں بھی داخلہ نہیں دیا جائے گا۔ جس کی وجہ سے تمام طلباء و طالبات کا مستقبل خطرے میں پڑ گیا ہے۔ ہم کل طلباء کی جانب سے کوئٹہ میں نکالی گئی ریلی پر لاٹھی چارج اور گرفتاریوں کی بھی شدید مذمت کرتے ہیں۔ ہم بورڈ انتظامیہ کو خبردار کرتے ہیں کہ پیپرز کی صحیح چیکنگ کرکے میرٹ کے مطابق نمبر دیے جائیں بصورت دیگر ہم تمام صوبے میں احتجاجی دھرنے اعلان کر پورا صوبہ جام کر دیں گے۔