آٹھ ربیع الاول کو یوم شہادت حضرت امام حسن عسکریؓ کی مناسبت سے کراچی میں چپ تعزیہ کے دو جلوس کل جمعہ 15 اکتوبرکوبرآمد ہونگے

پہلا جلوس کراچی میں شہادت امام حسن عسکری کی مناسبت سے نشتر پارک سے صبح7بجے اور قصر مسیب رضویہ سوسائٹی سے بعد نماز ظہرین برآمد ہونگے

بدھ 13 اکتوبر 2021 22:31

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2021ء) آٹھ ربیع الاول کو یوم شہادت حضرت امام حسن عسکریؓ کی مناسبت سے کراچی میں چپ تعزیہ کے دو جلوس کل جمعہ 15 اکتوبرکوبرآمد ہونگے۔ پہلا جلوس کراچی میں شہادت امام حسن عسکری کی مناسبت سے نشتر پارک سے صبح7بجے اور قصر مسیب رضویہ سوسائٹی سے بعد نماز ظہرین برآمد ہونگے۔نشتر پارک اور قصر مسیب رضویہ سوسائٹی سے نکلنے والے الوداعی چپ تعزیئے کے جلوسوں کی قیادت بوتراب اسکاوٹس کریگی۔

کراچی میں ایام عزا کے آخری روز کی مناسبت سے جمعہ 8 ربیع الاول کو نشترپارک میں چپ تعزیہ کی مرکزی مجلس منعقد ہوگی اورچپ تعزیہ کا جلوس نشتر پارک سے صبح 8 بجے برآمد ہوکر روایتی راستوں ، پرانی نمائش، ایم اے جناح روڈ، صدر، تبت سینٹر، عید گاہ، لائٹ ہاس اور بولٹن مارکیٹ سے ہوتا ہوا ساڑھے گیارہ بجے کے قریب اپنی منزل امام بارگاہ حسینیاں ایرانیاں کھارادار سے ہوتا ہوا نور باغ مسافر خانہ پر اختتام پذیرہوگا۔

(جاری ہے)

دوسرا جلوس بعد نمازجمعہ قصرمسیب رضویہ سے برآمد ہوکر لسبیلہ، پرانا لیاقت آباد، جیل روڈ سے ہوتا ہوا رات دس بجے کے قریب امام بارگاہ شاہ نجف مارٹن کواٹرز پر اختتام پذیر ہوگا۔چپ تعزیہ کے جلوسوں کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کی ہدایت کردی گئی ہے۔ جلوس کے اطراف پولیس کی بھاری نفری تعینات کرنے کے علاوہ جلوس کے روٹ ،گزر گاہوں اور اطراف کی سڑکوں کو کنٹینرز، بسیں اور دیگر رکاوٹیں کھڑی کر کے سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پولیس کے علاوہ رینجرز کی بھاری نفری بھی جلوس کے ساتھ گزر گاہ پر موجود رہے گی۔ بلند عمارتوں پر اسنائپر شوٹرز تعینات ہونگے اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیمیں جلوس سے قبل روٹ کی سویپنگ کریں گی اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے بھی جلوس کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔