مقامی کاٹن مارکیٹ میں محتاط رویہ کی وجہ سے مارکیٹ میں اتار چڑھا ؤکے بعد مجموعی طور پر مندی کا رجحان رہا

کراچی کاٹن ایسوسی ایشن کی اسپاٹ ریٹ کمیٹی نے اسپاٹ ریٹ میں فی من 300 روپے کی کمی کرکے اسپاٹ ریٹ فی من 14300 روپے کے نرخ پر بند کیا

ہفتہ 16 اکتوبر 2021 21:22

مقامی کاٹن مارکیٹ میں محتاط رویہ کی وجہ سے مارکیٹ میں اتار چڑھا ؤکے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2021ء) مقامی کاٹن مارکیٹ میں گزشتہ ہفتہ کے دوران ٹیکسٹائل و اسپننگ ملز اور جنرز کی جانب سے محتاط رویہ کی وجہ سے مارکیٹ میں اتار چڑھا ؤکے بعد مجموعی طور پر مندی کا رجحان رہا۔ نیویارک کاٹن کے وعدے کے نرخ کے زیر اثر مارکیٹ میں روئی کے نرخ میں اتار چڑھا ؤہونے کی وجہ سے مارکیٹ کے رخ کا تعین کرنا مشکل ہورہا ہے مارکیٹ کو جج کرنا بہت مشکل ہونے کے سبب ٹیکسٹائل ملز اور جنرز نے چلو ادھر جدہر کی ہوا چلی کا رویہ اختیار کیا ہوا ہے۔

گزشتہ دنوں پاس پیدا کرنے والے بیشتر علاقوں میں بارشوں کی وجہ سے روئی کی کوالٹی متاثر ہوئی ہے آعلی کوالٹی کم مقدار میں دستیاب ہے گزشتہ سالوں کے نسبت روئی کا اونچے نرخ ہونے کی وجہ سے مارکیٹ میں مالی بحران بھی سرایت کرچکا ہے ٹیکسٹائل ملز کی درآمد شدہ روئی کی شپمینٹ بھی جزوی طور پر آنا شروع ہوچکی ہے اس کی بھی ادائیگی کرنی پڑ رہی ہے دوسری جانب ٹیکسٹائل ملز کے بیشتر بڑے گروپوں نے وافر مقدار میں ادھار کی بنیاد پر کاٹن یارن فروخت کیا ہوا ہے اس کی اربوں روپوں کی ادائیگی بھی وصول کرنے میں تاخیر ہونے کے سبب بھی مالی مسائل کا سامنا ہے گو کہ ٹیکسٹائل ملز گزشتہ سال سے بہتر حالات میں ہیں اس وجہ سے مالی بحران کا کچھ حد تک مداوا کررہے ہیں البتہ مالی طور پر کمزور ملز کو ہر نرخ پر روئی کی خریداری کرنی پڑرہی ہے جس کے باعث روئی کے نرخ میں کچھ حد تک بہتری نظر آرہی ہے لیکن مجموعی طور پرنرخ کا تعین نیویارک کاٹن کے وعدے کے نرخ سے کیا جاتا ہے گزشتہ سے پیوستہ ہفتے کے دوران نیویارک کاٹن کے وعدے کے نرخ میں دن بدن 5 تا 6 امریکن سینٹ کا غیر معمولی اتارچڑھا ہوتا رہا تھا جس کے زیر اثر مقامی کاٹن مارکیٹ میں بھی روئی کے نرخ میں 500 تا 600 روپے فی من اتار چڑھا ہوتا رہا جبکہ روئی کانرخ فی من 15000 اور بلوچی کاٹن کانرخ بڑھ کر فی من 15500 روپے کی تاریخی بلند سطح پر پہنچ گیا تھا جبکہ زیرتبصرہ ہفتے کے دوران نیویارک کاٹن کے نرخ میں مجموعی طور پر گراوٹ دیکھی گئی جس کے باعث نیویارک کاٹن کانرخ فی پانڈ 103 تا 116 امریکن سینٹ کے درمیان رہا۔

(جاری ہے)

WASDE کی ماہنامہ رپورٹ شائع ہوئی ہے جس میں روئی کی پیداوار کے اعداد و شمار دیے گئے ہیں اس کے مطابق دنیا میں کپاس کی پیداوار میں اضافے کی وجہ پاکستان میں کپاس کی پیداوار میں گزشتہ سال کی نسبت اضافہ اور چین میں انرجی بحران کی وجہ سے روئی کی قیمت میں کمی ہوگی توقع کے مطابق امریکہ اور بھارت کی پیداوار میں کمی رہی دنیا میں روئی کی پیداوار میں کمی رہی دنیا میں روئی کی پیداوار میں اضافہ اور کھپت کا اثر ماہرین کے مطابق نیویارک کاٹن کے نرخ میں منفی رجحان مرتب کر رہا ہے جبکہ آئندہ امریکہ اور بھارت کی کاٹن کی پیداوار میں کمی مارکیٹ میں مثبت رجحان بھی مرتب کر سکتی ہے۔

پاکستان میں روئی کی پیداوار میں گزشتہ سال کی نسبت 30 فیصد کے زبردست اضافے کی وجہ سے دنیا کی کپاس کی پیداوار میں 6 لاکھ 90 ہزار گانٹھوں کا اضافہ بتایا گیا ہے جبکہ چین میں توانائی کے بحران کے سبب دنیا کی روئی کی کھپت میں 7 لاکھ 40 ہزار گانٹھوں کی کمی بتائی گئی ہے دنیا میں کپاس کا اوپننگ اور اینڈنگ اسٹاک بالترتیب 10 لاکھ اور 4 لاکھ 50 ہزار گانٹھوں کی کمی بتائی جاتی ہے۔

صوبہ سندھ میں اتار چڑھاؤ کے بعد روئی کا نرخ فی من 12000 تا 14500 روپے پھٹی کا نرخ فی 40 کلو 4000 تا 6100 روپے بنولہ کا نرخ فی من 1350 تا 1900 روپے رہا۔ صوبہ پنجاب میں روئی کانرخ فی من 14000 تا 15000 روپے پھٹی کا نرخ فی 40 کلو 5500 تا 6400 روپے بنولہ کا نرخ فی من 1600 تا 2000 روپے صوبہ بلوچستان میں روئی کا نرخ فی من 13600 تا 14500 روپے پھٹی کا نرخ فی 40 کلو 5900 تا 7000 روپے بنولہ کانرخ فی من 1600 تا 2000 روپے رہا۔

کراچی کاٹن ایسوسی ایشن کی اسپاٹ ریٹ کمیٹی نے اسپاٹ ریٹ میں فی من 300 روپے کی کمی کرکے اسپاٹ ریٹ فی من 14300 روپے کے نرخ پر بند کیا۔کراچی کاٹن بروکر فورم کے چیئرمین نسیم عثمان نے بتایا کہ بین الاقوامی کاٹن مارکیٹ میں مجموعی طور روئی کے بھا میں مندی دیکھی گئی نیویارک کاٹن کے وعدے کا نرخ اتار چڑھاؤ کے بعد کم رہا۔ نیویارک کاٹن کانرخ جمعرات کو 3 امریکن سینٹ بڑھ کر 107.10 سینٹ پر بند ہوا تھا جمعہ کے روز صبح سے ہی نیویارک کاٹن کا نرخ پرائیویٹ میں بڑھنا شروع ہوگیا اور شام تک آنا فانا 4 امریکن سینٹ بڑھ کر فی پانڈ 111 امریکن سینٹ سے تجاوز کر گیا تھا لیکن شام کو USDA کی ہفتہ وار برآمدی رپورٹ میں 68 فیصد کی غیر معمولی کمی اور فروخت 53 فیصد سیزن کی سب سے کم رہی جس کے باعث نیویارک کاٹن کے وعدے کا نرخ جو صبح سے شام تک 4 امریکن سینٹ بڑھا تھا وہ شام کو دوبارہ 4 امریکن سینٹ کم ہوکر 107 امریکن سینٹ پر آگیا اس طرح صرف ایک روز میں نیویارک کاٹن کے وعدے کے نرخ میں فی پانڈ 8 امریکہ سینٹ کی غیر معمولی کمی بیشی ہوئی گزشتہ کئی ہفتوں سے USDA کا سب سے بڑا درآمد کنندہ چین تھا لیکن چین میں یکم تا 7 اکتوبر تہوار کی تعطیلات ہونے کے سبب چین نے خریداری نہیں کی ڈالر کے نرخ میں اضافے کے سبب پاکستان جو امریکن کاٹن کا درآمدکنندہ تھا وہ بھی خاموش رہا