راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے جشن عید میلادالنبی ؐ کے مرکزی جلوس کے روٹ اور شہر کی صفائی کیلئے ورکرز کی چھٹی منسوخ کر دی

پیر 18 اکتوبر 2021 21:04

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2021ء) راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے جشن عید میلاد النبی ؐکے مرکزی جلوس کے روٹ اور شہر کی بھرپور طریقے سے صفائی کیلئے ورکرز کی چھٹی منسوخ کر دی ہے، تقریباً ایک ہزار ورکرز مختلف شفٹوں میں جلوس کیساتھ ساتھ اور جلوس کے بعد بھی صفائی کے فرائض سرانجام دینگے،چارگھنٹوں کی موسلا دھار بارش کے باوجود ورکرز گزشتہ رات سے ہی شہر کی گلیوں ،بازاروں ،سڑکوں اور قبرستانوں کی صفائی کرنے میں مصروف عمل رہے،جلوس کے پورے روٹ پر چونے سے لائننگ بھی کی گئی ہے۔

ایم ڈی راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اویس منظور تارڑنے بتایا کہ کلین اینڈ گرین پنجاب و انسداد ڈینگی صفائی و آگاہی مہم کیساتھ ساتھ ربیع الاول کے جلوسوں کے روٹس اور شہر کی بھرپور طریقے سے صفائی کی گئی ہے ،اضافی صفائی عملہ تعینات کر کے جلوس کے روٹس کی صفائی کے خصوصی انتظامات کئے ،چونے کی بھاری مقدار استعمال کی گئی ہے ، گلیوں ،بازاروں اور سڑکوں کو دھونے کیساتھ ساتھ شہر میں موجود کوڑا دانوں کو ہنگامی بنیادوں پر صاف کر دیا گیا ،محافل میلاد کی جگہوں پر چھڑکائو اور چونا بھی ڈالا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اویس منظور تارڑنے کہا کہ شہر کی صفائی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا،کوئی کوتاہی اور سستی قابل قبول نہیں،گلیوں ،بازاروں کو صاف ستھرا رکھنا ہماری ذمہ داری ہے ، عید میلاد النبیؐ کے جلوس کے روٹ اور شہر کی بھرپور طریقے سے صفائی کردی ہے،آج 12ربیع الاول کے موقع پر راولپنڈی ایک صاف ستھرا شہر نظر آئیگا،اضافی صفائی عملہ تعینات کر دیا گیا ہے ، مرکزی جلوس کے روٹس راجہ بازار،سرکلر روڈ،کوہاٹی بازار، جامع مسجد روڈ،اقبال روڈ،فوارہ چوک، کمیٹی چوک، مری روڈ اور شہر میں بہترین صفائی یقینی بنائی گئی ہے۔