کشمیری سمجھتے ہیں کہ انہیں دھوکہ دیا گیا، فاروق عبداللہ

جمعرات 21 اکتوبر 2021 15:29

کشمیری سمجھتے ہیں کہ انہیں دھوکہ دیا گیا، فاروق عبداللہ
سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2021ء) بھارت کے غیر قانونی زیر  تسلط  جموںوکشمیرمیں نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے5اگست 2019کے بعد مقبوضہ علاقے میں ”نئے دور کی صبح“ کے مودی حکومت کے کھوکھلے دعووں کی نفی کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری خاص طور پر نوجوان سمجھتے ہیں کہ انہیں دھوکہ دیا گیا۔

(جاری ہے)

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فاروق عبداللہ نے جموں خطے کے علاقوں بانیہال اور رام بن میں پارٹی کنونشوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت 370اور 35اے کی منسوخی کے بعد کہتی تھی کہ کشمیر میں اب امن ہو گااور اگرایسا ہے تو علاقے میں اس وقت بھی حالات ابتر کیوں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئے روز لوگوں کے قتل کے واقعات پیش آرہے ہیں۔ انہوں نے استفسار کیا کہ یہ کیسے ہو رہا ہے یہاں تو سب کچھ ٹھیک ہونے والا تھا۔ فاروق عبداللہ نے کہا کہ اگر یہ سمجھتے ہیں کہ دھونس دبائو  سے حالات ٹھیک ہونگے تو یہ بہت بڑی غلط فہمی میں میں مبتلا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں اسی صورت میں امن قائم ہو سکتا ہے جب یہاں کے لوگوں کے دلوں کی بات کو سمجھا جائے گا۔