متحدہ عرب امارات میں ٹریفک قوانین کی پابندی کرنے والے ڈرائیوروں کیلئے انعامات

ابوظہبی پولیس ہیپی نس پٹرول نے ایکسپو 2020 دبئی سرگرمیوں کے سلسلے میں ٹریفک قوانین اور قواعد و ضوابط کی پابندی کرنے والوں میں ایکسپو پاسپورٹ اور تحائف تقسیم کرنے کی مہم شروع کردی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 21 اکتوبر 2021 17:24

متحدہ عرب امارات میں ٹریفک قوانین کی پابندی کرنے والے ڈرائیوروں کیلئے ..
ابوظہبی ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 اکتوبر 2021ء ) متحدہ عرب امارات میں ٹریفک قوانین کی پابندی کرنے والے ڈرائیوروں کو انعامات ملیں گے ، ابوظہبی پولیس ہیپی نس پٹرول نے ایکسپو 2020 دبئی سرگرمیوں کے دوران ٹریفک قوانین اور قواعد و ضوابط کی پابندی کرنے والوں کو ایکسپو پاسپورٹ اور تحائف تقسیم کرنے کے لیے مہم شروع کردی۔ خلیج ٹائمز کے مطابق یہ اقدام ڈرائیوروں اور معاشرے کے مختلف گروہوں میں مثبت پیغام پھیلانے ، انہیں ٹریفک قوانین کی پاسداری کی ترغیب دینے اور جرمانے کی بجائے انعامات کے خیال کو مستحکم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے ، تحائف کی تقسیم کے دوران ہیپی نس پٹرول کے افسران نے اس بات پر زور دیا کہ معاشرے کے مختلف طبقات کے درمیان ٹریفک کلچر کو بڑھانے کے لیے بہترین نظام اور طریقہ کار اپنائے جائیں جو ابو ظہبی پولیس کے مختلف پروگراموں کے ذریعے سڑکوں کی حفاظت کو فروغ دیتا ہے تاکہ جان و مال کو محفوظ بنایا جا سکے ، افسران نے گاڑی سواروں پر زور دیا کہ وہ ہمیشہ سڑکوں پر اپنی حفاظت اور دیگر سڑک استعمال کرنے والوں کی حفاظت کے لیے محفوظ طریقے سے گاڑی چلائیں۔

(جاری ہے)


بتایا گیا ہے کہ ایکسپو پاسپورٹ اور تحائف حاصل کرنے والے لوگوں نے مسرت کا اظہار کیا اور ابوظہبی پولیس کا ان تمام مواقع پر ان کی اہم کوششوں کا شکریہ ادا کیا جو ان کی توقعات سے کہیں بڑھ کر تھا۔ ادھر یو اے ای کی امارت راس الخیمہ میں ٹریفک قوانین کی ایک معمولی خلاف ورزی پر اب سے 400 درہم جرمانہ ہوگا ، پولیس ڈرائیوروں کو پلیٹ کے اوپر کسی چیز کو لٹکانے اور اس کا ڈیٹا چھپانے سے بھی خبردار کرتی ہے ، ڈرائیور گاڑیوں کی نمبر پلیٹوں کو نہ ڈھانپیں اور نہ ہی ان کا ڈیٹا کسی بھی طرح سے چھپائیں ، پلیٹ کے اوپر کسی چیز کو لٹکانے سے گریز کریں جس سے اس کا ڈیٹا چھپایا جائے۔

راس الخیمہ پولیس کے ٹریفک اینڈ پٹرولز ڈیپارٹمنٹ نے ایک آگاہی مہم کا آغاز کیا ہے جس کا مقصد گاڑیوں کی ایسی نمبر پلیٹس کو مانیٹر کرنا ہے جو کہ مسخ شدہ ہوں یا ایسی غیر واضح نمبر پلیٹیں جن کا ڈیٹا دھندلا یا چھپا ہوا ہے ، یہ اقدام راس الخیمہ پولیس کمانڈر انچیف میجر جنرل علی عبداللہ بن الوان النعیمی کی ہدایات کی بنیاد پر کیا گیا ہے ، آگاہی مہم کے بعد کریک ڈاؤن کے دوران خلاف ورزی کرنے والوں کو نشانہ بنایا جائے گا اور انہیں 400 درہم جرمانہ کیا جائے گا۔