پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں 1 ارب 64 کروڑ ڈالرز کی بہت بڑی کمی

ملک کے مجموعی ذخائر 24 ارب 32 کروڑ ڈالرز، مرکزی بینک کے ذخائر ساڑھے 17 ارب ڈالرز کی سطح تک آگئے

muhammad ali محمد علی جمعرات 21 اکتوبر 2021 23:46

پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں 1 ارب 64 کروڑ ڈالرز کی بہت بڑی کمی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 اکتوبر2021ء) پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں 1 ارب 64 کروڑ ڈالرز کی بہت بڑی کمی، ملک کے مجموعی ذخائر 24 ارب 32 کروڑ ڈالرز، مرکزی بینک کے ذخائر ساڑھے 17 ارب ڈالرز کی سطح تک آگئے۔ تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے ملک کے زرمبادلہ ذخائر کے حوالے سے رپورٹ جاری کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق 15 اکتوبر کو ختم ہونے والے کاروباری ہفتے پر ملک کے مجموعی زرمبادلہ ذخائر 24 ارب 32 کروڑ ڈالرز ریکارڈ کیے گئے۔

مرکزی بینک کے ذخائر 17 ارب 49 کروڑ ڈالرز جبکہ کمرشل بینکوں کے ذخائر 6 ارب 83 کروڑ ڈالرز ریکارڈ کیے گئے۔ مرکزی بینک کے ذخائر میں 1 ارب 64 کروڑ ڈالرز کی کمی ہوئی، جبکہ کمرشل بینکوں کے ذخائر میں 42 لاکھ ڈالرز کا اضافہ ہوا۔ یہاں واضح رہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے یکم اکتوبر کو جاری کی گئی رپورٹ کے مطابق اس وقت ملک کے مجموعی ذخائر 27 ارب 06 کروڑ ڈالرز تھے۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹس کے مطابق جہاں ایک جانب زرمبادلہ ذخائر میں کمی ہوئی ہے، وہیں ڈالر کی قیمت میں بھی اضافہ ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔ جمعرات کے روز انٹر بینک اور مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں پاکستانی روپیہ بد ترین گرواٹ کا شکار رہا ۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق جمعرات کو انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر 28پیسے مہنگا ہو گیا جس سے ڈالر کی قیمت 173.47روپے سے بڑھ کر173.96روپے ہوگئی۔

اسی طرح فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں20پیسے کے اضافے سے ڈالر کی قیمت خرید 173.80روپے سے بڑح کر174روپے اور قیمت فروخت174.20روپے سے بڑھ کر174.40روپے ہو گئی ۔ فاریکس رپورٹ کے مطابق یورو کی قیمت خرید200روپے اور قیمت فروخت202روپے پر بدستور برقرار رہی، جبکہ 1روپے کے اضافے سے برطانوی پونڈ کی قیمت فروخت239روپے سے بڑھ کر240روپے ہو گئی ۔