سعودی عرب ؛ ٹریفک پولیس نے ڈرائیوروں کو 10 لاکھ ریال تک جرمانے سے خبردار کردیا

ٹریفک پولیس نے کار اسکریچنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں تیز کردیں، پہلی بار گرفتار ہونے پر 20 ہزار ریال جرمانہ ہوگا، 3 باراسی جرم میں گرفتار ہونے پر جرمانے کی رقم 10 لاکھ ریال تک پہنچ جائے گی

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 22 اکتوبر 2021 12:53

سعودی عرب ؛ ٹریفک پولیس نے ڈرائیوروں کو 10 لاکھ ریال تک جرمانے سے خبردار ..
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - 22 اکتوبر 2021ء ) سعودی عرب میں ٹریفک پولیس نے کار اسکریچنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں تیز کرتے ہوئے ڈرائیوروں کو 10 لاکھ ریال تک جرمانے سے خبردار کردیا ، پہلی بار گرفتار ہونے پر 20 ہزار ریال جرمانہ ہوگا ، 3 باراسی جرم میں گرفتار ہونے پر جرمانے کی رقم 10 لاکھ ریال تک پہنچ جائے گی۔ عرب میڈیا کے مطابق سعودی وزارت داخلہ نے ٹریفک خلاف ورزیوں کی مد میں جاری چالان کے حوالے سے یاد دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ متعدد بار کار اسکریچنگ کرنے پر جرمانے کی انتہائی حد 10 لاکھ ریال تک ہوسکتی ہے ، کیوں کہ کار اسکریچنگ کرنا سنگین ٹریفک خلاف ورزی میں شمار کی جاتی ہے ، اس لیے اسکریچنگ پر پہلی بار گرفتار ہونے والے کو20 ہزار ریال کا جرمانہ کیا جاتا ہے ، دوسری بار گرفتاری پر جرمانہ 40 ہزار ریال ہوگا جب کہ تیسری بار 60 ہزار اور چوتھی بار 10 لاکھ ریال جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ سعودی عرب میں کار اسکریچنگ کے دوران ماضی میں سنگین حادثات رونما ہو چکے ہیں جس کی وجہ سے متعدد افراد معذوری کی زندگی گزارنے پر مجبورہیں اسی لیے مملکت میں نوجوانوں میں کار اسکریچنگ کے رجحان کی روک تھام کے لیے سخت قانون سازی کی گئی ہے جب کہ کار اسکریچنگ کرنے والوں کے خلاف شروع کی جانے والی مہم میں متعدد نوجوانوں کو حراست میں لیا گیا۔

خیال رہے کہ سعودی عرب میں ٹریفک اور سڑکوں کا بہترین نظام موجود ہے تاہم لوگوں کی بے احتیاطی اور ٹریفک خلاف ورزیوں کی وجہ سے حادثات میں کمی نہیں آ سکی ہے ، ہر سال سینکڑوں افراد زندگی کی بازی ہار جاتے ہیں یا عمر بھر کے لیے معذور ہو جاتے ہیں ، اسی وجہ سے سعودی حکام ٹریفک جرمانوں کی رقم میں وقتاً فوقتاً اضافہ کرتے رہتے ہیں تاکہ لوگ ٹریفک خلاف ورزی سے باز رہیں۔

سعودی محکمہ ٹریفک کی جانب سے خبردار کیا گیا ہے کہ حد رفتار سے تجاوز کرنے پر ڈیڑھ سے دو ہزار ریال تک جرمانہ بھرنا پڑے گا ، جرمانے کی رقم کا انحصار اس بات پر ہو گا کہ مقررہ رفتار سے کتنا زیادہ رفتار سے ڈرائیونگ کی جاری ہے ، ایسی شاہراہیں جن پر انتہائی حدِ رفتار 120 کلو میٹرفی گھنٹہ ہے اگر کوئی شخص اس سڑک پر 10 سے 20 کلو میٹر فی گھنٹہ حد سے زیادہ رفتار پرڈرائیونگ کرتا ہے تو اس پر ڈیڑھ سو ریال سے تین سو ریال تک جرمانہ عائد ہوگا ۔