Live Updates

ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر وزیراعظم کل سعودی عرب روانہ ہوں گے

دورے کے دوران تجارتی اور معاشی تعلقات کو بڑھانے ، پاکستانی افرادی قوت کے لیے مزید مواقع کی فراہمی اور سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کی بہبود کے معاملات زیر غور آئیں گے

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 22 اکتوبر 2021 16:25

ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر وزیراعظم کل سعودی عرب روانہ ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - 22 اکتوبر 2021ء ) وزیراعظم عمران خان سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر کل سعودی عرب کے 3 روزہ دورے پر روانہ ہوں گے ، وزیراعظم کے دورے کے دوران وزیرخارجہ شاہ محمود اور دیگر کابینہ ارکان پر مشتمل اعلیٰ سطح کا وفد بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوگا ، دورے میں وزیراعظم سعودی عرب کی قیادت سے دوطرفہ معاملات پر بات چیت کریں گے جس میں تجارتی اور معاشی تعلقات کو بڑھانے، پاکستانی افرادی قوت کے لیے مزید مواقع کی فراہمی اور سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کی بہبود کے معاملات زیر غور آئیں گے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان 23 اکتوبر سے 25 اکتوبر تک سعودی عرب کا دورہ کریں گے جہاں وہ ریاض میں ہونے والی مڈل ایسٹ گرین اینی شی ایٹیو سربراہی کانفرنس میں شرکت کریں گے ، سربراہی کانفرنس کے دوران وزیراعظم ماحولیاتی تبدیلی کی وجہ سے ترقی پذیر ممالک کو درپیش چینلجز پر اپنا نکتہ نظر بیان کریں گے ، وزیراعظم اس موقع پر ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قدرتی طریقوں پر مبنی پاکستانی تجربات پر بھی روشنی ڈالیں گے۔

(جاری ہے)

وزرات خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید آگے بڑھانے میں معاون ثابت ہوگا ، جہاں اپنے دورے کے دوران وزیراعظم سعودی عرب کی قیادت سے دوطرفہ معاملات پر بھی بات چیت کریں گے جس میں تجارتی اور معاشی تعلقات کو بڑھانے، پاکستانی افرادی قوت کے لیے مزید مواقع کی فراہمی اور سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کی بہبود کے معاملات زیر غور آئیں گے ، دونوں اطراف کی قیادت علاقائی اور بین الاقوامی معاملات پر بھی بات چیت کریں گے ، وزیراعظم اس دوران پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کے حوالے سے ایک تقریب میں بھی شرکت کریں گے اور سعودی عرب اور مملکت میں مقیم پاکستانی کاروباری شخصیات سے بھی تبادلہ خیال کریں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات