بل گیٹس نے پاکستانی پولیو ورکر کی ویڈیو انسٹاگرام پر شیئر کر دی، بلند حوصلے کی تعریف

ہفتہ 23 اکتوبر 2021 00:14

بل گیٹس نے پاکستانی پولیو ورکر کی ویڈیو انسٹاگرام پر شیئر کر دی، بلند ..
نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2021ء) مائیکروسافٹ کے بانی بِل گیٹس پاکستانی خاتون پولیو ورکر سے متاثر ہوکران کی ایک ویڈیو اپنے انسٹاگرام اکائونٹ پر شیئر کر دی۔تفصیلات کے مطابق دنیا کی امیر ترین شخصیات میں شامل بل گیٹس پاکستان کی خاتون پولیو ورکر شمائلہ رحمانی کے بلند حوصلے کے معترف دکھائی دے رہے ہیں۔بل گیٹس نے جو ویڈیو شیئر کی ہے اس میں پولیو ورکر شمائلہ رحمانی انسداد پولیو مہم کے دوران پاکستان کے مختلف علاقوں میں گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے بچا ئوکے قطرے پلاتی دکھائی دیتی ہیں۔

بِل گیٹس نے شمائلہ رحمانی کا تعارف بھی کرایا، انھوں نے لکھا شمائلہ رحمانی پاکستانی پولیو ویکسنیٹر ہیں، وہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کام کر رہی ہیں کہ ان کی کمیونٹی کا ہر بچہ اس بیماری سے محفوظ رہے۔

(جاری ہے)

مائیکروسافٹ کے بانی نے لکھا کہ شمائلہ اس مہم کے دوران زیادہ تر ایسے خاندانوں سے ملیں جو چاہتے تھے کہ ان کے بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگیں، لیکن کچھ ایسے والدین بھی ملے جنھوں نے خوف یا معلومات کی کمی کی وجہ سے اپنے بچوں کو پولیو ویکسین دینے سے انکار کیا، لیکن شمائلہ ہمت نہیں ہارتیں۔انسداد پولیو مہم کے لیے بنائی جانے والی اس ویڈیو میں شمائلہ نے پاکستان میں مہم کے دوران پیش آنے والے واقعات اور مسائل اور ان کے حل کے حوالے سے گفتگو کی۔