ملک میں کورونا وائرس کے یومیہ کیسز کی تعداد رواں سال کی کم ترین سطح پر آگئی

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں صرف 567 افراد میں مہلک وبا کی تشخیص ہوئی، کرونا کے مزید 16 مریض جان کی بازی ہار گئے

muhammad ali محمد علی جمعہ 22 اکتوبر 2021 23:48

ملک میں کورونا وائرس کے یومیہ کیسز کی تعداد رواں سال کی کم ترین سطح ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 اکتوبر2021ء) ملک میں کورونا وائرس کے یومیہ کیسز کی تعداد رواں سال کی کم ترین سطح پر آگئی۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر تقریباً دم توڑ گئی ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جمعہ کے روز جاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 567 کیسز سامنے آئے جبکہ مزید 16 مریض جان کی بازی ہار گئے۔

بتایا گیا ہے کہ 19 اکتوبر کو رواں سال پہلی مرتبہ ملک میں 800 سے کم یومیہ کورونا کیسز رپورٹ ہوئے تھے، جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران رپورٹ ہونے 567 کیسز رواں سال کے دوران کم ترین یومیہ کیسز کی تعداد ہے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 2 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے مزید 864 مریض شفایاب ہوگئے اور مثبت کیسز کی شرح 1 اعشاریہ 44 فیصد پر آ گئی۔

(جاری ہے)

پاکستان بھر میں کورونا وائرس کے اب تک 28 ہزار 344 مریض انتقال کر چکے ہیں، ملک میں مہلک عالمی وبا کے کل مریضوں کی تعداد 12 لاکھ 67 ہزار 393 ہو چکی۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے مزید 39 ہزار 200 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کل 2 کروڑ 4 لاکھ 5 ہزار357 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔ سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دیگر صوبوں سے سب سے زیادہ ہے، جہاں مہلک عالمی وبا کے مریضوں کی کل تعداد 4 لاکھ 66 ہزار 945 ہو چکی۔

پنجاب میں کورونا وائرس کے اب تک 4 لاکھ 38 ہزار 636 مریض، خیبر پختونخوا میں 1 لاکھ 77 ہزار 240 ، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 1 لاکھ 6 ہزار 615 ، آزاد جموں و کشمیر میں اب تک 34 ہزار 422 ، بلوچستان میں 33 ہزار 159 مریض جبکہ گِلگت بلتستان میں 10 ہزار 376 کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں۔ دوسری جانب مہلک وبا پر قابو پانے کیلئے ملک بھر میں کورونا ویکسی نیشن مہم بھی بھرپور انداز میں جاری ہے۔ ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں 100 فیصد ویکسی نیشن کا ہدف حاصل کرنے کیلئے صوبائی حکومت نے گھر گھر جا کر شہریوں کو کورونا ویکسین لگانے کا اعلان کیا ہے۔