بابر اعظم نے بہترین کارکردگی کا راز بتادیا

ہر سیریز کی پلاننگ کرتا ہوں کہ اس میں کیا ہدف حاصل کرنا ہے، ورلڈکپ میں ہر ٹیم بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اترتی ہے: قومی کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 23 اکتوبر 2021 12:06

بابر اعظم نے بہترین کارکردگی کا راز بتادیا
دبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 23 اکتوبر 2021ء ) پاکستانی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے بیٹنگ میں اپنی بہترین کارکردگی کا راز بتادیا۔ پی سی بی کی طرف سے جاری کردہ ویڈیو میں بابراعظم نے اپنی نیٹ پریکٹس کی تیاری کا احوال بیان کرتے ہوئے کہا کہ نیٹ پر جاکر کیا کچھ کرنا ہے، اس کی پلاننگ رات کو ہی کرلیتا ہوں، جتنی اچھی نیٹ پریکٹس ہوگی، اتنا ہی کھیل میں نکھار آئے گا۔

(جاری ہے)

بابراعظم کا مزید کہنا تھا کہ ہوٹل سے گراؤنڈ آتے ہوئے اپنی ٹریننگ پر زیادہ فوکس کرتا ہوں، نیٹ پریکٹس میں ساری توجہ اپنی خامیوں پر قابو پانے پر ہوتی ہے، اس کے ساتھ میں اپنے فیورٹ شاٹس کی ٹریننگ کرتا ہوں تاکہ خوبیوں کو مزید بہتر کیا جائے، اسی طرح ہر سیریز کی پلاننگ کرتا ہوں کہ اس میں کیا ہدف حاصل کرنا ہے۔ بابراعظم کے مطابق ورلڈ کپ ایک بڑا ایونٹ ہے اور اس میں ہر ٹیم بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اترتی ہے، ہماری تیاری بھی اچھی ہے اور کوشش کریں گے کہ بہترین نتائج دیں۔