ْکراچی: قتل کا معمہ حل، رشتے دار ملوث،

3 گرفتار،برآمد اسلحہ فارنزک کیلئے روانہ کر دیا گیا

منگل 26 اکتوبر 2021 12:33

ْکراچی: قتل کا معمہ حل، رشتے دار ملوث،
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اکتوبر2021ء) کراچی کے علاقے ابراہیم حیدری میں آپریشن اور انویسٹی گیشن پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے شہری کے قتل کا معمہ حل کرلیا، قتل میں ملوث3ملزمان کو گرفتار کرکے برآمد اسلحہ فارنزک کیلئے روانہ کر دیا گیاہے۔شہری محمد علی کو ابراہیم حیدری الیاس گوٹھ میں فائرنگ کر کے 9 اکتوبر کو قتل کیا گیا تھا، قتل کی واردات کا مقدمہ مقتول کے بھائی کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کیخلاف درج کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق قاتل کو مقتول کے قریبی رشتے دار نے قتل کی سپاری دی، جمیل نامی شخص مقتول کا رشتے دار تھا اور ذاتی رنجش پر قتل کروایا۔گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر پولیس نے آلہ قتل اور واردات میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل تحویل میں لے لی، گرفتار ملزمان میں جمیل، لقمان شاہ اور سجاد خان شامل ہیں۔ملزمان نے اعتراف کیا ہے کہ جمیل نے ذاتی رنجش کی بنا پر محمد علی کو قتل کرنے کی 50 ہزار کی سپاری دی تھی، جس کے لیئے 10 ہزار روپے ایڈوانس ادا کردیئے گئے تھے، بقایا کام ہونے کے بعد ادا کرنے تھے۔