زرعی ماہرین زرعی پیداوری بڑھانے اور کاشتکاروں بلخصوص چھوٹے کسانوں کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے لیے تمام کاوشیں بروئے کار لائیں: وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خان

منگل 26 اکتوبر 2021 17:21

زرعی ماہرین زرعی پیداوری بڑھانے اور کاشتکاروں بلخصوص چھوٹے کسانوں ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 اکتوبر2021ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خان نے زرعی ماہرین پر زور دیا کہ وہ زرعی پیداوری بڑھانے اور کاشتکاروں بلخصوص چھوٹے کسانوں کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے لیے تمام کاوشیں بروئے کار لائیں تاکہ نچلی سطح پر غربت کے خاتمے اور فوڈ سیکورٹی کو یقینی بنایا جا سکے۔

اس امر کا اظہار انہوں نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں محکمہ زراعت پنجاب (ریسرچ ونگ) کے لئے مالیاتی، انتظامی انتظام اور ای گورننس پر چار ہفتوں پر مبنی پانچویں تربیتی ورکشاپ کے افتتاحی سیشن سے بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب کے دوران کیا۔ ورکشاپ کا انعقاد آفس آف ریسرچ، انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن کے زیراہتمام کیا گیا جس میں محکمہ زراعت کے پچاس سے زائد زرعی ماہرین کی استعداد کار بڑھانے کے لئے تربیت دی جائے گی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ زرعی ملک ہونے کے باوجود ہم 10ارب روپے مالیت کی اشیاء ضروریہ درآمد کر رہے ہیں جس کے لئے زراعت کو جدید رجحانات سے روشناس کرتے ہوئے پیداواریت میں اضافے کا ہدف حاصل کیا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس ورکشاپ کے ذریعے انتظامی امور کو احسن انداز میں سرانجام دینے میں مدد ملے گی۔ ڈائریکٹر اورک پروفیسر ڈاکٹر ظہیر احمد ظہیر نے کہا کہ پاکستان کی ساٹھ فیصد سے زیادہ آبادی زراعت کے شعبے سے منسلک ہے جس کو جدید خطوط سے ہم آہنگ کرتے ہوئے دیہی معیشت کو بہتر کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ورکشاپ کورس کی منصوبہ بندی دور حاضر کے چیلنجز کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے تاکہ جدید انتظامی طریقوں کو اپنا کر شرکاء کی استعداد کار میں اضافہ کیا جا سکے۔ زرعی یونیورسٹی کے ٹریژرر عمرسعید قادری نے شرکاء کو پیپرا کے قوانین کے حوالے سے ٹریننگ دی۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی معاشی امور کو جدیدخطوط پر استوار کرتے ہوئے شفافیت کو یقینی بنا رہی ہے۔

ڈاکٹر عبدالرشید نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں محکمہ زراعت کے ماہرین کو انتظامی و تحقیقی امور کے حوالے سے ورکشاپ کا سلسلہ جاری ہے تاکہ جدید رحجانات کو اپناتے ہوئے دفتری و تحقیقی امور میں بہتری لائی جا سکے۔ اس موقع پر ڈین ایگریکلچر ڈاکٹر امان اللہ ملک اور ایوب ایگریکلچر ریسرچ سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر قمر شکیل بھی موجود تھے۔