چیئرمین جنرل ندیم رضا کی زیرصدارت جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا اجلاس

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت تینوں مسلح سروسز کے چیفس کی شرکت، خطے کی بدلتی صورتحال اور روایتی پالیسیوں پر بات چیت، مسلح افواج نے تمام خطرات کا منہ توڑ جواب دینےکا عزم کیا۔ آئی ایس پی آر

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 28 اکتوبر 2021 19:02

چیئرمین جنرل ندیم رضا کی زیرصدارت جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا اجلاس
راولپنڈی (اُردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 اکتوبر2021ء) چیئرمین جنرل ندیم رضا کی زیرصدارت جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا اجلاس ہوا، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت تینوں مسلح سروسز کے چیفس نے اجلاس میں شرکت کی، خطے کی بدلتی صورتحال اور روایتی پالیسیوں پر بات چیت کی گئی اور مسلح افواج نے تمام خطرات کا منہ توڑ جواب دینے کا عزم کیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا کی زیرصدارت جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں تینوں مسلح سروسز کے چیفس نے شرکت کی، اجلاس میں مختلف سیکیورٹی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں بدلتی صورتحال اور پیشرفت کے تناظر میں تذویراتی اور روایتی پالیسیوں پر بات چیت کی گئی۔ اجلاس میں خطے میں دیرپا ترقی کیلئے افغانستان میں امن کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں مسلح افواج نے ہر طرح کے خطرات کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو بھی سراہا گیا۔