وزیر توانائی امتیاز احمد شیخ نے سول اسپتال کراچی میں سولرائزیشن پراجیکٹ کا افتتاح کردیا

جمعرات 4 نومبر 2021 22:58

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 نومبر2021ء) وزیر توانائی امتیاز احمد شیخ نے سول اسپتال کراچی میں سولرائزیشن پراجیکٹ کا افتتاح کیا۔اس موقع پر عالمی بنک کے ڈائریکٹر انفرااسٹرکچر گوانگڑی شن کے علاوہ اولیور نائٹ، سیکریٹری توانائی سندھ ابوبکر مدنی، سول اسپتال کراچی کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نور محمد سومرو اور دیگر افسران موجود تھے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ نے کہا کہ سندھ حکومت ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے کے لئے عالمی معاہدوں کی پابند ہے اور سندھ حکومت توانائی کے متبادل، شفاف اور قابلِ تجدید منصوبوں میں انتہائی تیزی سے پیش رفت کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ سولر انرجی پراجیکٹ کے تحت سندھ کے 37 اسپتالوں کو تیزی سے سولرائز کیا جارہا ہے جن میں سول اسپتال کراچی سمیت کراچی کے دیگر 7 سرکاری اسپتال بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سندھ سولر انرجی پراجیکٹ کے تحت عالمی بینک کے تعاون سے صوبے کے دوردراز علاقوں میں گھروں کو شمسی بجلی پر لانے کے منصوبے پر بھی کام ہو رہا ہے جس سے دیہاتوں میں رہنے والے غریب لوگوں تک شفاف بجلی پہنچائی جاسکے گی جس سے لوگوں کو ریلیف ملے گا۔ وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ نے سول اسپتال کی سولرائزیشن کے منصوبے کو مکمل کرنے پر عالمی بینک کے افسران کے تعاون اور محکمہ توانائی سندھ کے سولر انرجی پراجیکٹ کے افسران اور اسٹاف کی کارکردگی کی تعریف کی۔

اس موقع پر بتایا گیا کہ سول اسپتال کی سولرائزیشن پراجیکٹ پر عالمی بنک کے تعاون سے 900000 امریکی ڈالر کی لاگت سے پیدا ہونے والی ۔ بجلی سول اسپتال کراچی کی بجلی ضروریات کی ایک تہائی ضروریات پورا کرسکے گی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ سول اسپتال کراچی کی سولرائزیش کے پراجیکٹ سے 1851 ٹن سالانہ کاربن ڈائی آکسائڈ گیس کی پیدائش سے بچا جاسکے گا۔