پی ٹی آئی رہنماؤں کی ن لیگ کو تحریک عدم اعتماد میں ساتھ دینے کی یقین دہانی

مسلم لیگ ن نے پنجاب سے تحریک انصاف کی حکومت ختم کرنے کے لیے ایک بار پھر سر جوڑ لیے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 10 نومبر 2021 16:29

پی ٹی آئی رہنماؤں کی ن لیگ کو تحریک عدم اعتماد میں ساتھ دینے کی یقین ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10 نومبر 2021ء) : پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے ن لیگ کو تحریک عدم اعتماد میں ساتھ دینے کی یقین دہانی کروا دی۔نئی بات کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ مسلم لیگ ن نے پنجاب سے تحریک انصاف کی حکومت ختم کرنے کے لیے ایک بار پھر سر جوڑ لیے ہیں اور پنجاب میں تحریک عدم اعتماد لانے پر غور و خوص شروع کر دیا ہے۔

اس حوالے سے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے بیرون ممالک گئے لیگی ارکان اسمبلی کو واپس ملک پہنچنے کی ہدایت کر دی ہے۔اس سے قبل سیکرٹری اطلاعات پیپلز پارٹی فیصل کریم کنڈی نے ہم نیوز کے پروگرام میں ن لیگ کو بڑی پیشکش کی۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ذمہ دار اپوزیشن کو کردار ادا کرنا چاہئیے ، پاکستان پیپلز پارٹی نے ہر فورم پر احتجاج کیا۔

(جاری ہے)

دوسرا فورم یہ ہے کہ تمام اپوزیشن جماعتیں اکٹھی ہوں اور اس حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد لے کر آئیں۔ ہم نے اپوزیشن جماعتوں کو ہمیشہ پیشکش کی اور آج دوبارہ ن لیگ سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں کو یہ آفر کر رہے ہیں کہ آئیں اور وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لے کر آئیں۔اس میں اہم کردار ن لیگ کا بنتا ہے جو مرکز میں اپوزیشن لیڈر ہیں اور پنجاب میں بھی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ شاہد خاقان عباسی سمیت دیگر رہنما ہمیں پی ڈی ایم میں کہتے تھے کہ ہم مرکز میں سنٹر نہیں بنا سکتے،لیکن میرا انہیں پیغام ہے کہ آپ ہمارا ساتھ دیں، ہمیں ٹاسک دیں۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ مسلم لیگ ن ہمت کرے وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد میں ہمارا ساتھ دے۔ نمبرز پورے کرنا پیپلز پارٹی کی ذمہ داری ہوگی۔اگر اپوزیشن سنجیدگی سے ہمارا ساتھ دے تو ہم ان کو تحریک عدم اعتماد کامیاب کرکے دکھائیں گے۔

اس سے قبل پیپلز پارٹی ن لیگ کو پنجاب حکومت گرانے کی بھی پیشکش کر چکی ہے ۔ پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما قمر زمان کائرہ نے پنجاب میں تحریک عدم اعتماد کے لیے پیشلش کی تھی۔ پنجاب میں تحریک عدم اعتماد کے لیے پیپلز پارٹی اور ن لیگ ایک دوسرے کے قریب آ گئیں۔مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے پنجاب میں تحریک عدم اعتماد کی پیشکش کی جسے پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے قبول کر لیا اور دونوں سیاسی جماعتوں کے قائدین کی قیادت کا رابطہ کرانے کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہے۔

جیو ٹی وی کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ گفتگو ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پنجاب میں عدم اعتماد سے متعلق رانا ثناء اللہ کی پیشکش قبول ہے،اب ان سے انفرادی طور پر رابطہ کرکے کہوں گا کہ اپنی قیادت کا ہماری قیادت رابطہ کروائیں۔ انہوں نے رانا ثناء کی پیشکش کو مثبت انداز میں دیکھتے ہیں۔مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی چاہیں تو مطلوبہ نمبر سے کہیں زیادہ حاصل کر سکتی ہیں۔