پیٹرولیم ڈیلرز کی ہڑتال برقرار، پیٹرول پمپس کہیں بند کہیں کُھلے، عوام پریشان

پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے اپنے کمیشن مارجن کو 6 فیصد کرنے کے مطالبے کو برقرار رکھتے ہوئے آج ہڑتال کا اعلان کیا تھا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 25 نومبر 2021 10:28

پیٹرولیم ڈیلرز کی ہڑتال برقرار، پیٹرول پمپس کہیں بند کہیں کُھلے، عوام ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 نومبر 2021ء) : پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے منافع کے مارجن کو بڑھانے کے لیے ملک بھر میں ہڑتال کر دی، بیشتر پیٹرول پمپس بند ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے، کئی شہروں میں کہیں پیٹرول پمپس کھلے تو کہیں بند ہیں، جہاں پیٹرول دستیاب وہاں لوگوں کی لمبی لائنیں لگ گئیں، پیٹرول کے اس نئے بحران کی وجہ سے شہری پریشان ہیں۔

ڈیلرز کا مطالبہ ہے کہ اُن کے منافع کا مارجن بڑھا کر 6 فیصد کیا جائے، منافع بڑھانے تک حکومت سے مذاکرات بھی نہ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق صرف ایمبولنس کو پٹرول مہیا کیا جائے گا۔ لاہور، کراچی، کوئٹہ، پشاور سمیت ملک بھر میں پیٹرول کی فراہمی روک دی گئی ہے۔ ڈیلرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور چترال میں بھی پیٹرول پمپس بند رہیں گے۔

(جاری ہے)

گزشتہ رات سے پیٹرول بھروانے کے لیے پمپس کے باہر گاڑیوں کی لمبی لائنیں لگی رہیں۔ پیٹرولیم ڈیلرز کی جانب سے کمیشن مارجن 3 سے 6 فیصد کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے سیکریٹری نعمان بٹ کا کہنا ہے کہ حکومت نے مطالبات تسلیم نہیں کیئےاس لیے آج سے ملک بھر میں پیٹرول پمپس بند رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک ڈیلر مارجن 6 فیصد نہیں کیا جاتا مذاکرات نہیں ہوں گے، حکومت نے مطالبات تسلیم کرنے کی یقین دہانی کروائی تھی لیکن اب تک کوئی رابطہ نہیں کیا گیا۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ کمپنی آپریٹڈ ریٹیل سائٹ سےتیل کی فراہمی جاری رہے گی۔ جبکہ وزارت پٹرولیم کے ترجمان کا کہنا تھا کہ آئل سیکٹر کی مختلف تنظیموں نے وزارت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے جبکہ عوام کو کوئی فکر کرنے یا پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ دوسری جانب ترجمان اوگرا کے مطابق صورتحال کی مانیٹرنگ کے لئے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔ ڈیلرز مارجن میں اضافے سے متعلق چند عناصر پٹرول کی سپلائی میں خلل ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں، تیل سپلائی میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔